سپریم لیڈر خامنہ ای کے قاتل انجام سے نہیں بچیں گے : ایرانی آرمی چیف

ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ سابق سپریم لیڈر شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کے ذمہ داروں کا تعاقب کیا جائے گا اور وہ اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔
ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا ہےکہ شہید سپریم لیڈر نے عزت، آزادی اور قومی وقار کا جو راستہ متعین کیا، ایران کی مسلح افواج اسی پر ثابت قدمی اور عزم کے ساتھ گامزن رہیں گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج سپریم لیڈر سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنے فرائض انجام دیتی رہیں گی۔
دوسری جانب ایران کے سابق نائب صدر اور سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے بھی کہا ہے کہ شہید ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔
سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد مخبر نے کہا کہ ہمارے شہید سپریم لیڈر کے قاتل طبعی موت نہیں مریں گے، عوام اور نظام دونوں اس قتل کا انتقام لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ یہ تصور کرنا بھی ممکن نہیں کہ شہید سپریم لیڈر کے قاتل اس زمین پر زندہ سلامت رہیں گے، اس جرم کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔
