انڈونیشیامیں5.6 شدت کا زلزلہ،44افراد ہلاک ،300 زخمی

انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں 5.6شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 44افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق زلزلے سے انڈونیشیا کا مرکزی جزیرہ جاوا سب سے زیادہ متاثر ہوا جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں،امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 تھی جس کا مرکز جکارتا کے جنوب میں تھا۔
رپورٹس کے مطابق سیانجر انتظامیہ کے سربراہ ہرمن سوہرمن نے مقامی نشریاتی ادارے میٹرو ٹی وی کو بتایا کہ ہمیں موصولہ اطلاعات کے مطابق صرف اس ہسپتال میں 20 افراد ہلاک اور 300 زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج جاری ہے، زخمیوں میں سے اکثر عمارتیں زمین بوس ہونے کی وجہ سے ملبے تلے دب کر زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ملک میں 5.6 شدت کا زلزلہ آیا جس کا مرکز جکارتا سے 100 کلومیٹر دور سیانجُر میں تھا،درالحکومت جکارتا میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کے بعد لوگ خوف و ہراس کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے۔
رپورٹس کے مطابق جکارتا میں کام کرنے والے 22سالہ وکیل مایادیتا والیو نے کہا کہ میں کام کررہا تھا کہ اسی دوران مجھے زمین ہلتی ہوئی محسوس ہوئی، میں واضح طور پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کر سکتا تھا، یہ جھٹکے وقت کے ساتھ مزید تیز ہوتے گئے اور کافی وقت تک یہ سلسلہ جاری رہا،جکارتا کی ایک بلند و بالا عمارت میں کام کرنے والے اے ایف پی کے صحافیوں کو بھی فوری طور پر عمارت خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
