اومیکرون پاکستان پہنچ گیا ، کراچی میں پہلا کیس رجسٹرڈ
دنیا بھر میں پھیلا کرونا کا خطرناک ویرینٹ اومی کرون کا پہلا کیس پاکستان میں بھی رپورٹ ہو گیا۔
محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں اومی کرون ویرینٹ کے پہلے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس ایک نجی ہسپتال میں رپورٹ ہوا ہے۔خاتون میں اومی کرون ویرینٹ کی تصدیق 8 دسمبر کو ہوئی، متاثرہ خاتون میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں اور وہ ویکسی نیٹڈ بھی نہیں ہیں تاہم وہ گھر پر قرنطینہ میں ہیں۔
دوسری جانب قومی ادارہ صحت کی جانب سے وضاحتی بیان کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اومی کرون کی موجودگی کے حوالے سے میڈیا پر آنے والی اطلاعات کے حوالے سے وضاحت کی جاتی ہے کہ کراچی سے رپورٹ ہونے والے اومی کرون ویرینٹ کے مشتبہ کیس کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی۔
اس کا مکمل جینوم سیکوئینس ٹیسٹ ہونا باقی ہے ، جسے نمونہ حاصل کرنے کے بعد انجام دیا جائے گا تاہم عالمی حالات کی روشنی میں عوام سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نیب سے ریکوری، زیرالتوا کیسز کی تفصیلات طلب
خیال رہے کہ اب تک ایشیا، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور امریکا میں کورونا کے نئے ’اومیکرون ویرینٹ‘ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مزید ملکوں میں ظاہر ہوتا جا رہا ہے۔
