آئندہ کرونا پابندیاں ویکسین لگوانے والے افراد کے تناسب سے عائد کی جائینگی

این سی او سی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ آئندہ کرونا کے حوالے سے پابندیاں ویکسین لگوانے والے افراد کے تناسب کے حساب سے لگائی جائیں گی ،

معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر کا کہنا تھا کہ یکم اکتوبر سے این سی او سی جائزہ لے گا کہ کس شہر یا اضلاع میں کتنی ویکسین لگائی گئی اور پھر پابندی لگانے یا نہ لگانے کا فیصلہ اسی تناسب کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا ۔

این سی او سی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے مزید کہا کہ ملک کے 8 شہروں میں کرونا سے متعلق بندشوں میں کمی کرنے جارہے ہیں، جن شہروں میں کرونا کے حوالے سے پابندیوں میں کمی کی جائے گی ان میں سکردو، کوئٹہ، اسلام آباد، آزاد کشمیر کے مظفر آباد اور میرپور، پشاور اور راولپنڈی کے شہر شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تمام شہروں میں عائد پابندیوں کا اطلاق 15 اکتوبر تک رہے گا ، 8 شہروں میں بندشوں میں نرمی کا فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ ان شہروں میں 40 فیصد سے زائد شہریوں نے ویکسی نیشن کرو ا لی ہے جبکہ دیگر شہر طے شدہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہیں۔

این سی او سی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے مزید کہا کہ مقامی افراد بشمول کاروباری افراد متعلقہ شہر کی انتظامیہ پر دباؤ ڈالیں کہ دیگر شہر ویکسی نیشن سے متعلق ہدف حاصل کرسکتے ہیں تو ان کا شہر ہدف پورا کیوں نہیں کرسکتا۔

Back to top button