آتشزدگی کے متاثرین کی مدد کیلئے آسٹریلین کرکٹرز میدان میں آگئے

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی خطرناک آگ ہر گزرتے دن کے ساتھ ابتر صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے اور اس آگ کے متاثرین کی مدد کے لیے کرکٹر بھی میدان میں آ گئے ہیں۔


آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے ہزاروں افراد متاثر، کئی لاکھ ہیکٹر زمین متاثر اور کروڑوں جانور ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس مشکل صورتحال میں آسٹریلین کرکٹرز بھی متاثرین کی مدد کے لیے سامنے آ گئے ہیں جبکہ دنیا بھر کے دیگر کرکٹرز نے بھی آسٹریلیا میں آگ کی متاثرین کی مدد کی اپیل کی ہے۔
آسٹریلین کرکٹرز نے اعلان کیا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سڈنی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں لی جانے والی ہر وکٹ کے بدلے 1ہزار امریکی ڈالر عطیہ کریں گے۔
آسٹریلین باؤلرز ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو دو مرتبہ آؤٹ کر کے 20وکٹیں لینے میں کامیاب رہے اور اس طرح 20ہزار ڈالر کی خطیر رقم عطیہ کی جائے گی۔
اس کے علاوہ 26دسمبر سے نیوزی لینڈ ہی کے خلاف کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلین کرکٹرز نے اپنی شرٹ پر دستخط کر کے کرکٹ آسٹریلیا کے حوالے کی تھی اور ان شرٹوں کی نیلام سے حاصل ہونے والی رقم کو عطیہ کیا جائے گا جس سے اب تک 30ہزار ڈالر سے زائد کی رقم اکٹھا کی جا چکی ہے۔


اس سے قبل جارح مزاج آسٹریلین اوپننگ بلے باز کرس لن نے کہا تھا کہ وہ بگ بیش لیگ میں اپنے ہر چھکے کے عوض 250ڈالر عطیہ کریں گے جس پر گلین میکسویل اور ڈی آرسی شارٹ نے بھی اس کے اس اقدام کی پیروی کا اعلان کیا تھا۔
اسی طرح اسپنر فواد احمد نے ہر چھکے اور وکٹ کے عوض 250ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ ایڈم زامپا نے دورہ بھارت میں ہر وکٹ کے عوض 200ڈالر بطور فنڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔


عطیہ کرنے کا اعلان کرنے والے دیگر کھلاڑیوں کی فہرست میں پیٹر سڈل، کین رچرڈسن بھی شامل ہیں جبکہ بگ بیش کی ٹیمیں میلبرن رینیگیڈز اور میلبرن اسٹارز اپنے کھلاڑیوں کے دستخط کی حامل نیلام کر کے رقم عطیہ کریں گے۔


حال ہی میں آسٹریلین کرکٹر شین وارن نے وہ اپنی بیگی گرین کیپ کو نیلام کریں گے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کو آگ کے متاثرین کے لیے عطیہ کریں گے۔


145 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر کے 708وکٹیں لینے والے شین وارن اپنی سب سے قیمتی آسٹریلیا کی بیگی گرین کیپ کو نیلام کریں گے۔ اس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم آسٹریلین ریڈ کراس ڈیزاسٹر ریلیف اور ریکوری فنڈ کو عطیہ کی جائے گی اور ان کی بیگی گرین کیپ کے ساتھ شین وارن کے دستخط کا حامل ایک آٹو گراف بھی ہو گا جو اس بات کی دلیل ہو گا کہ یہ وارن کی اصل بیگی گرین کیپ ہے۔


پاکستانی کرکٹر شعیب اختر نے بھی شین وارن کے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان سمیت دنیا بھر کے کرکٹ شائقین سے آگ سے متاثرہ آسٹریلینز کی مدد کی درخواست کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button