اپوزیشن اے پی سی، ن لیگی وفد آج بلاول بھٹو سے ملاقات کریگا

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس یعنی اے پی سی کی راہ ہموار ہونے لگی، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو میں ایک مرتبہ پھرٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں جلد اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا جبکہ اے پی سی اورمستقبل کےلائحہ عمل پر مشاورت کیلئے مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطحی وفد آج لاہور میں بلاول بھٹو سے ملاقات کرے گا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاب شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے شہبازشریف کی مزاج پرسی کی اور ان کی صحت کیلئے نیک تمناوَں کا اظہار کیا جبکہ شہبازشریف نے سابق صدر آصف زرداری کی صحت کیلئے خیرسگالی کا پیغام دیا۔
ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین ٹیلیفونک رابطے میں جلد اے پی سی کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا ہے. دوران گفتگو بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے خیر سگالی کا پیغام دیا۔ن لیگی اعلامیے کے مطابق پارٹی وفد 20 جولائی کو بلاول بھٹو زرداری سے لاہور میں ملاقات کرے گا۔بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لیے ن لیگی وفد میں احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق شامل ہوں گےجبکہ ناسازی طبع کی وجہ سے شہباز شریف وفد کا حصہ نہیں ہوں گے.
مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی سے ملاقات کا مقصد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کو بامقصد اور بامعنی بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن کا اشتراک ہو اور موجودہ حکومت سے چھٹکارا ملے۔ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہم پہلے بھی اور اب بھی یہ چاہتے ہیں کہ مڈٹرم انتخابات ہوں۔واضح رہے کہ اس سے قبل سینئر ن لیگی رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے انکشاف کیا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف میں 3 مرتبہ ٹیلیفونک رابطہ ہوچکا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی شہبازشریف اور بلاول بھٹو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں دونوں رہنماوَں نے آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی) کے انعقاد پر مشاورت کی تھی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں اے پی سی کی تاریخ اور اس میں زیرغور آنے والے نکات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کو یکسر طور پر مسترد کرتے ہوئے اے پی سی بلانے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ پی پی سمیت ملک کی دیگر اپوزیشن جماعتیں پیش کردہ بجٹ پر جلد آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کریں گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ان دنوں تاریخی چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہر پاکستانی کی جان خطرے میں ہے۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ 25 برس کے بعد ملک میں ٹڈی دل کا سب سے بڑ احملہ ہماری زراعت، فوڈ سیکیورٹی اور معیشت کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پیش کردہ بجٹ میں ملک کو درپیش خطرات کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button