ایرانی حملے میں امریکی فوجی اڈے کو غیر معمولی نقصان کا انکشاف

ایک امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ عراق میں امریکی فوجی اڈے عین الاسد پر ایرانی حملے میں فوجی اڈے کو غیرمعمولی نقصان ہوا۔
نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ عراق کے عین الاسد فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے سے کم از کم 10 مقامات تباہ ہوئے۔ فوجی اڈے پر تباہ کاری کے مناظر کچھ اور ہی کہانی بتا رہے ہیں، تباہی کے مناظر سے غیر معمولی صورت حال کا اشارہ ملتا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایرانی حملے میں امریکی فوجیوں کے رہائشی کوارٹرز بھی تباہ ہو چکے ہیں تاہم ایڈوانس وارننگ سسٹم کے باعث جانی نقصان نہیں ہوا۔
فوجی اڈے تک رسائی پانے والی صحافی نے کہا کہ فوجیوں نے انہیں بتایا ہے کہ حملے سے کئی گھنٹے قبل جان گئے تھے کہ کچھ نہ کچھ ہونے جا رہا ہے اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی تھیں۔
امریکی فوجی نے صحافی کو یہ بھی بتایا کہ رات ایک بج کر 34 منٹ پر میزائل حملے شروع ہوئے تو کچھ فوجی بنکرز میں موجود تھے جب کہ زیادہ تر چیک پوسٹوں پر تعنیات تھے۔ ایک اور امریکی فوجی نے بتایا کہ حملے کا منظر بیان کرنا مشکل ہے، انتہائی خوفناک تھا لیکن احتیاطی تدابیر اور محفوظ مقامات پر منتقلی سے جان بچ گئی۔
خیال رہے کہ ایران نے القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کا بدلہ لیتے ہوئے عراق میں دو امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے تھے۔
ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی فوجی اڈوں پر حملے میں 80 کے قریب افراد ہلاک ہوئے اور فوجی سازو سامان کو نقصان پہنچا تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے حملے میں فوجی اڈوں کو معمولی نقصان پہنچا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button