ایران عسکری و سیاسی محاذوں پر کامیاب رہا، باقر قالیباف کا دعویٰ
ایرانی پارلیمان کے اسپیکر کا کہنا ہے کہ ایران امریکا اور اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کا ثابت قدمی سے مقابلہ کررہا ہے، مسلح افواج نے بھی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کردیا

تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی پارلیمان کے اسپیکر باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ غیرمنصفانہ جنگ میں عسکری اور سیاسی دونوں محاذوں پر کامیاب ہو کر ابھرا ہے۔
اپنے ایک بیان میں باقر قالیباف نے کہا کہ ایران اس وقت امریکا اور اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کا سامنا کررہا ہے، تاہم ایرانی قوم بہادری اور ثابت قدمی کے ساتھ اس صورتحال کا مقابلہ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے عسکری اور سیاسی میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ ایرانی عوام دشمن کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے بھی کہا تھا کہ ایران امریکا اور اسرائیل کی مکمل شکست تک پیچھے نہیں ہٹے گا۔
ایرانی مسلح افواج کے مطابق مزاحمت کی روایت نئی نسل تک منتقل ہوچکی ہے اور نوجوان نسل نے طاقتور مخالف افواج کے سامنے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔
فوجی قیادت کا کہنا تھا کہ ایران دشمن کے ہتھیار ڈالنے تک اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔
ایرانی مسلح افواج نے امریکا پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ خطے میں اپنا غلبہ قائم رکھنے کے لیے جارحانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔
