ایران نے امریکا سے بدلہ لیتے ہی قاسم سلیمان کی تدفین کردی

ایران نے امریکا سے بدلہ لیتے ہی پاسداران انقلاب کے جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین ان کے آبائی علاقے کرمان میں کر دی۔
تفصیلات کے مطابق عراق میں امریکی میزائل حملے میں جاں بحق جنرل قاسم سلیمانی کو ان کے آبائی علاقے کرمان میں سپردخاک کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ دن ایران میں جنرل قاسم سلیمانی کے آبائی علاقے کرمان میں ان کے جلوس جنازہ میں اچانک بھگدڑ مچنے سےتقریباً 50 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد ان کی تدفین مؤخر کردی گئی تھی۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جرنل قاسم سلیمانی کی تدفین کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین سے قبل ایران نے ان کی ہلاکت کے جواب میں عراق میں امریکا اور اس کی اتحادی افواج کے 2 فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق میزائل حملے میں ’80 امریکی دہشت گرد‘ ہلاک ہوئے اور کوئی میزائل روکا نہیں جاسکا۔ سرکاری ٹی وی نے پاسداران انقلاب کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اگر امریکا نے جوابی کارروائی کی تو ایران کی نظر خطے میں موجود 100 اہداف پر ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکی ہیلی کاپٹرز اور فوجی ساز و سامان کو بھی ’سخت نقصان‘ پہنچا ہے۔
خیال رہے کہ 3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایئرپورٹ کے نزدیک امریکی فضائی حملے میں پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی مارے گئےتھے۔ بعدازاں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنرل قاسم سلیمانی کی کے بعد ان کے نائب اسمٰعیل قاآنی کو پاسداران انقلاب کی قدس فورس کا سربراہ مقرر کردیا تھا۔
