ایران نے تمام امریکی فورسز کو دہشتگرد قرار دے دیا

ایران نے تمام امریکی فورسز اور اس سے وابستہ اراکین کو دہشتگرد قرار دے دیا ہے. ایرانی پارلیمنٹ میں منظور کردہ قرارداد میں امریکی فورسز، پنٹاگون اور اس سے وابستہ تنظیموں کے ملازمین ، ایجنٹ اور کمانڈرز جنہوں نے قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے احکامات دیئے تھے ، ان سب کو دہشت گرد قراردیا گیا ہے.
ایران کی پارلیمان نے منگل کو ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں گزشتہ ہفتے ایک امریکی حملے میں اعلیٰ ایرانی فوجی کمانڈر کے مارے جانے پر تمام امریکی فورسز کو ’’دہشت گرد‘‘ قرار دیا گیا ہے ۔ قاسم سلیمانی جو پاسداران انقلاب کی غیر ملکی آپریشن شاخ کے مقبول ترین رہنما تھے ، جمعہ کو بغداد کے قریب ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے. ایرانی پارلیمنٹ میں منظور کی گئی قرار داد کے مطابق تحت تمام امریکی فورسز اور پنٹاگون اور اس سے وابستہ تنظیموں کے ملازمین ، ایجنٹ اور کمانڈرز جنہوں نے سلیمانی کی’’شہادت‘‘ کے احکامات دیئے تھے ، کو ’’دہشت گرد‘‘ قرار دیدیا گیا ہے ۔ پارلیمان نے کہا ہے کہ ان فورسز کو کسی بھی قسم کی امداد بشمول فوجی ،انٹیلی جنس ، معاشی ، تکنیکی ، سروس یا لاجسٹک کو دہشت گرد کارروائی میں تعاون تصور کیاجائے گا ۔
اراکین پارلیمان نے قدس فورس کے خزانے میں 200ملین یورو کا اضافہ کرنے کے حق میں بھی ووٹ دیا جو ایران کے پاسداران انقلاب کی غیر ملکی آپریشن شاخ ہے جس کی سربراہی قاسم سلیمانی کررہے تھے ، یہ بل گزشتہ برس اپریل میں منظورکیے گئے ایک قانون میں ترمیمی ورژن ہے جس میں امریکہ کو دہشت گردی سپانسر کرنیوالا ملک اور خطے میں اس کی فورسز کو دہشت گرد گروہ قرار دیا گیا تھا ۔ ایران کے اعلیٰ سکیورٹی ادارے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے کہا ہے کہ یہ بلیک لسٹنگ امریکہ کی طرف سے ایران کے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے بعد کی گئی ہے ۔
