ایف آئی اے کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹررضوان انتقال کر گئے

وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کے سابق ڈائرایکٹر ڈاکٹر رضوان اچانک دل کا دورہ پڑنے سے لاہورمیں انتقال کر گئے۔خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹررضوان کو لاہورکے سروسزہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
خیال رہے کہ ڈاکٹررضوان ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب تعینات تھے تاہم موجودہ حکومت کے آتے ہی ڈاکٹر رضوان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بطور ڈائریکٹرایف آئی اے ڈاکٹر رضوان نے وزیراعظم شہباز شریف کے منی لانڈرنگ سمیت کئی کیسز کی تفتیش کی تھی۔وہ شوگر مافیا کیخلاف تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ بھی تھے اور مافیا کے دباؤ پر انہیں ہٹایا گیا تھا، وہ ایس ایس پی شکار پور بھی رہے جہاں انہوں نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ پی پی کے وزیر امتیاز شیخ، سعید غنی کے بھائی فرحان غنی اجرتی قاتلوں، منشیات فروشوں کے سہولت کار ہیں۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر رضوان کے خلاف انکوائری شروع کرادی تھی، ڈاکٹر رضوان نے نقیب اللہ قتل کیس کی بھی تفتیش کی تھی جس میں انہوں نے ہر طرح کے دباؤ کا سامنا کیا تھا، بالآخر انہیں اس عہدے سے بھی ہٹادیا گیا تھا۔
