ایف بی آر کے ٹیکس وصولی ہدف میں مزید کمی کردی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) کی رضامندی کے بعد رواں مالی سال کےلیے ٹیکس وصولیوں کے مقرر کردہ 5503 ارب روپے کے نظرثانی شدہ ہدف میں مزید 265 ارب روپے کی کمی کرکے نیا ہدف 5238 ارب روپے مقرر کردیا۔
ایف بی آر نے رواں مالی سال کےلیے نظر ثانی شدہ اہداف تمام ماتحت اداروں کو بھجوادیے ہیں اور ہدایت کی ہے کہ ان اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایف بی آر نے بجٹ میں مقرر کردہ 5555 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف 52 ارب روپے کی کمی کے ساتھ 5503 ارب روپے کردیا تھا اور اب اس میں265 ارب روپے کی مزید کمی کی گئی ہے۔
ایف بی آر کے سینئر افسر کے مطابق ٹیکس وصولیوں کے اہداف پر نظر ثانی آئی ایم ایف کو اعتماد میں لے کر کی گئی ہے۔ جنوری کےلیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 425ارب 74کروڑ70 لاکھ روپے سے کم کرکے424ارب 52 کروڑ تیس لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے یعنی ایک ارب 22 کروڑ40 لاکھ روپے کی کمی کی گئی ہے۔
