اے ڈی بی کی پاکستانی سیلاب زدگارن کیلئے1.5 ارب ڈالر کی منظوری

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب اور عالمی سپلائی چین میں حائل رکاوٹوں کے درمیان سماجی و غذائی تحفظ کو فروغ دینے اور لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد کے لیے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی۔

ویب سائٹ پر جاری بیان میں بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اے ڈی بی بلڈنگ ریزیلینس وِد ایکٹو کاؤنٹر سائکلیکل ایکسپینڈیچرز (بی آر اے سی ای) پروگرام کے تحت فراہم کردہ فنانسنگ حکومت کے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کے کاؤنٹر سائکلیکل ڈویلپمنٹ ایکسپینڈیچرز پروگرام کی فنڈنگ میں مدد کرے گا، جو یوکرین پر روسی حملے سمیت عالمی سطح پر ہونے والے واقعات کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

بیان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی اور مغربی ایشیا نے کہا کہ وبائی مرض کووڈ 19 کے بعد پاکستان کی بحالی میں بیرونی عوامل کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہوئی، بڑھتے کاروباری اخراجات اور مہنگائی لاکھوں پاکستانیوں خاص طور پر غریب اور کمزور طبقے کو متاثر کر رہی ہے، اے ڈی بی پروگرام حکومت کو بڑھتی قیمتوں کے اثرات، خوراک کے عدم تحفظ میں اضافے، کاروباری سرگرمیوں سست روی اور پسماندہ طبقات کی آمدنی کو کم کرنے والے عوامل کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کرے گا جب کہ لاکھوں لوگ سیلاب کے باعث سخت معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا اے ڈی بی فنانسنگ حکومت کو اپنے کاؤنٹر سائکلیکل ڈویلپمنٹ ایکسپینڈیچرز پروگرام کو نافذ کرنے کے لیے درکار مالی گنجائش فراہم کرے گی، یہ پروگرام پاکستان کے غریب ترین خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو کہ بحران کے دوران بہت زیادہ متاثر ہوتے ہیں،حکومت کو فراہم کی جانے والی امداد کا مقصد صنفی لحاظ سے بااختیار بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے مخصوص اقدامات کو فروغ دینا ہے جو حالیہ سیلاب کے بعد مزید اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

جاری بیان کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی امداد سے نقد رقم کی منتقلی حاصل کرنے والے خاندانوں کی تعداد 79 لاکھ سے بڑھا کر 90 لاکھ تک بڑھانے، پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں داخل ہونے والے بچوں کی تعداد بڑھانے اور حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں اور کم سن بچوں کے لیے طبی سہولیات اور غذائی ضروریات کی فراہمی کو بڑھانے میں مدد ملے گی،ایشیائی ترقیاتی بینک کی ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کی کاؤنٹر سائکلیکل سپورٹ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے پیش نظر لوگوں، معاشی ذرائع اور انفرااسٹرکچر کی امداد کے لیے اہم رسپانس پیکج کا حصہ ہے جس نے سوا 3 کروڑ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے اور انفرااسٹرکچر اور زراعت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے فنڈز کی منظوری کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا اللہ کا شکر ہے کہ اے ڈی بی نے آج پاکستان کے لیے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ہے،24کتوبر 2022 سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران ہی معاہدے پر دستخط اور فنڈز کا اجرا ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں فنانس ڈویژن سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے تباہ کن سیلاب سے شدید نقصان پہنچنے کے پیش نظر امدادی سرگرمیوں کے لیے پاکستان کو 2.3 سے 2.5 ارب ڈالر کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ 20 ستمبر کو ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد ریلیف اور بحالی کے لیے فوری طور بڑے امدادی پیکج پر کام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیکج سیلاب متاثرین، معاشی صورتحال اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی فوری اور پائیدار بحالی کے لیے ڈیزائن کیا گیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ وہ مختصر اور درمیانی مدت کے لیے سڑکوں اور آبپاشی کے انفرااسٹرکچر سمیت تباہ شدہ بنیادی انفرااسٹرکچر کی مرمت کے لیے جاری منصوبوں کا استعمال کرے گا اور غذائی تحفظ بڑھانے کے لیے زرعی شعبے کی ترقی اور مالی استحکام میں مدد فراہم کرے گا، خاص طور پر خواتین اور بچوں کی مدد کے لیے کاؤنٹر سائیکل سپورٹ فراہم کی جائے گی،ہم حکومت اور دیگر عالمی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد متاثرین کی زندگیوں اور ذریعہ معاش کی تعمیر نو میں مدد ملے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم ملک کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Back to top button