سید فہد حسین وزیر اعظم کے ترجمان مقرر

وزیر اعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی اور معاون خصوصی سید فہد حسین کو اپنا ترجمان مقرر کردیا۔

کابینہ ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے معاون خصوصی برائے پبلک پالیسی اور اسٹریٹجک کمیونیکیشن سید فہد حسین کو ’ ترجمان وزیر اعظم‘ کی اضافی ذمہ داری دے دی ہے جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔

یاد رہے کہ رواں برس 14 مئی کو وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد سینئر صحافی اور سیاسی تجزیہ کار فہد حسین کی بطور معاون خصوصی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔جس میں بتایا گیا تھا کہ فہد حسین کی تعیناتی 1973 کے رولز آف بزنس کے ضابطے(6) 4 کے مطابق کی گئی ہے، فہد حسین کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا اورفہد حسین کی بطور معاون خصوصی تعیناتی کا اطلاق فوری ہوگا۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیے میں نو منتخب معاون خصوصی کے پورٹ فولیو کے حوالے سے کوئی تفصیلات درج نہیں کی گئی تھی،قبل ازیں، فہد حسین ڈان اسلام آباد کے ‘ریزیڈنٹ ایڈیٹر’ کے طور پر کام کرچکے ہیں جبکہ وہ ایکسپریس گروپ کے سینئر ایڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دینے کے ساتھ کئی کتابوں کے بھی مصنف ہیں۔

واضح رہے کہ فہد حسین ڈان نیوز ٹی وی کے پروگرام ‘ان فوکس’ کے میزبان بھی رہ چکے ہیں۔

Back to top button