پی ٹی آئی نے وفاقی بجٹ مسترد کردیا

مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہ غریب دشمن اور اشرافیہ نواز بجٹ ہے جس میں امیروں کو ریلیف جب کہ عام آدمی پر بوجھ ڈالا گیا ہے۔ بجٹ دھوکا دہی اور عوام دشمن ہے۔
سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بجٹ حقیقی اصلاحات پر مبنی نہیں ہے بلکہ ایماندار ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے پر مبنی ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے فیس لیس آڈٹس کے ذریعے ایماندار کاروباریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتےہوئے کہا کہ پی ایم ایل این کا بجٹ غریبوں کو صرف ٹکڑے دے رہا ہے جب کہ مراعات یافتہ طبقے کو فائدہ پہنچارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سے چار بجٹ میں حکومت نے ہرممکن ٹیکس عائد کردیا ہے،حکومت نے اعداد و شمار میں صرف ہیرا پھیری کی ہے۔یہ بجٹ ایمانداروں کو سزا دےرہا ہے جب کہ بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کو نظر انداز کررہا ہے،بجٹ دھوکا دہی اور عوام دشمن ہے اس لیے اسے مسترد کرتے ہیں۔
قومی اسمبلی ، بجٹ اجلاس: وزیر خزانہ نے 18 ہزار ارب روپے سے زائد کا وفاقی بجٹ پیش کردیا
یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ اور شدید احتجاج کیا جب کہ دستاویز کی کاپیاں پھاڑ کر بھی پھینکیں،اس کے علاوہ وزیر خزانہ کی تقریر کے دوران بائیکاٹ کیا۔
