برطانوی وزیراعظم کامحض44 دن بعد ہی مستعفی ہونے کااعلان

برطانیہ کی وزیراعظم لزٹرس نے عہدہ سنبھالنے کے محض 44 دن بعد ہی مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔اس کے علاوہ انہوں نے کنزرویٹو پارٹی کی صدرارت بھی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیڑھ ماہ قبل ہی منتخب ہونے والی خاتون وزیراعظم لزٹرس نے اپنے عہدے سے استعفی دینے کا اعلان کردیا، لز ٹرس نے بادشاہ چارلس سے ملاقات میں انہیں اپنے استعفے سے آگاہ کر دیا ہے۔

برطانوی وزیراعظم کا کہناتھاانہوں نےمعیشت کی بہتری کا عزم لے کر وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا تاہم وہ مینڈیٹ کو پورا نہیں کرپارہیں، اور وہ نئے وزیراعظم کے انتخاب تک ذمہ داریاں نبھاتی رہیں گی۔

وزیراعظم لزٹرس صرف 44 دن اپنے عہدے پر رہیں۔مستعفی ہونے کے بعد لزٹرس 1827ء کے بعد مختصر ترین مدت تک وزیراعظم رہنے والی شخصیت بن گئیں۔ لز ٹرس نے سابق وزیراعظم بورس جانسن کی حکومت ختم ہونے کے بعد 6ستمبر کو عہدہ سنبھالا تھا۔

خیال رہے کہ خاتون وزیراعظم کے وزیر خزانہ اور وزیر داخلہ پہلے ہی مستعفی ہوچکے ہیں اور اب ان کا استعفی سامنے آیا ہے۔ لزٹرس کے لیے وزرا کے استعفوں کے بعد مشکل صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ لزٹرس کو چند روز کے اندر مارکیٹ اور معیشت کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔

یاد رہے کہ سیاست دانوں اور کاروباری افراد نے برطانوی وزیراعظم لزٹرس کے فیصلوں کو ملک کے لیے نقصان دہ اور ان کے اقدامات کو جلد بازی میں کیے گئے فیصلے قرار دیا تھا۔

Back to top button