بشری انصاری کی بہن سنبل کی حالت تشویشناک


معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن اداکارہ سنبل شاہد نے اگست 2019 میں اپنے جواں سال بیٹے کو چترال میں پیرا گلائڈنگ کرتے ہوئے کھونے کے بعد شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ تاہم اب سنبل کی اپنی زندگی خطرے میں یے اور کرونا وائرس کے باعث ان کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بشری انصاری اور سنبل کی دیگر بہنوں نے مداحوں سے سنبل کے لیے دعائے صحت کی اپیل کی ہے۔ بشریٰ انصاری نے کرونا سے متاثرہ اپنی بہن کے نام ایک جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سنبل شاہد کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے بشری نے لکھا کہ ‘میری پیاری بہن سنبل شاہد اٹھ جاؤ، ہم پریشان ہیں’۔ بشریٰ نے مزید لکھا کہ ‘جلد ٹھیک ہوجاؤ، خدا کےلیے سنبل ٹھیک ہوجاؤ’۔ بشریٰ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا کہ ‘چار چاند سلامت رہیں آمین’۔
قبل ازیں سنبل شاہد کی بہن اور اداکارہ اسما عباس نے انسٹاگرام پر ان کی حالت بگڑنے سے متعلق بتایا تھا۔ اسما نے اپنی پوسٹ میں بتایا تھا کہ ‘میری پیاری باجی وینٹی لیٹر پر ہیں، برائے مہربانی ان کی صحتیابی کےلیے دعا کریں’۔ اداکارہ اسما عباس نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں سنبل شاہد کی تصویر بھی شیئر کی۔ دوسری جانب اداکار اسد صدیقی نے بھی انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوری میں مداحوں سے سنبل شاہد کی صحتیابی کی اپیل کی۔ اسد نے لکھا کہ ‘آپ سب سے درخواست ہے کہ بشریٰ انصاری اور اسما عباس کی بہن سنبل شاہد کی صحتیابی کےلیے دعا کریں’۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ‘وہ وینٹی لیٹر پر ہیں، اللہ ہم سبکو محفوظ اور تندرست رکھے’۔
خیال رہے کہ بشریٰ انصاری نے 10 اپریل کو اپنی بہن اور اداکارہ سنبل شاہد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے سے آگاہ کیا تھا۔ بشریٰ نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ‘میری پیاری بہن سنبل شاہد ان دنوں کرونا وائرس کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں’۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی بہن کی جلد صحتیابی کےلیے دعا کریں۔
خیال رہے کہ اداکارہ سنبل شاہد کے جواں سال بیٹے شیراز ناصر جو ایک معروف پیرا گلائڈر تھے، اگست 2019 میں وادی چترال میں پیرا گلائڈنگ کے دوران تیز ہوا کے باعث حادثے کا شکار ہوکر پہاڑوں سے گر پڑے تھے، جس کے باعث ان کی ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹ لگی، بعدازاں وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کرگئے تھے۔ شیراز کو بچپن سے ہی پیرا گلائیڈنگ اور سیاحت کا بہت شوق تھا اور اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک کمپنی بھی بنا رکھی تھی۔ تاہم یہی شوق انہیں موت کی وادیوں میں لے گیا۔ ان کی والدہ سنبل شاہد نے اپنے بیٹے کی جدائی کے بعد شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
خیال رہے کہ سال 2020 میں کرونا کی پہلی لہر کے پھیلاؤ سے لے کر اب تک پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کرونا وائرس کا شکار ہوئیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جب کہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئی تھیں۔ گزشتہ دنوں گلوکار جواد احمد میں دوسری مرتبہ کورونا کی تشخیص ہوئی ان سے قبل رواں برس ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس، اداکار علی رحمٰن اور علی عباس کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جب کہ دسمبر میں اداکارہ ماہرہ خان اور لیجنڈ ادیب انور مقصود میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ ان سے قبل اداکار بہروز سبزواری میں نومبر کے آخر میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور طبیعت خراب ہونے پر انہیں کراچی کے ضیاء الدین اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور انہیں 9 دسمبر کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں اداکارہ سکینہ سموں، ندا یاسر، یاسر نواز، نیلم منیر، روبینہ اشرف، گلوکار ابرار الحق، بلال مقصود، کامیڈین و میزبان شفاعت علی, واسع چوہدری اور نوید رضا بھی وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button