عامر لیاقت کی تیسری بیوی بھی سامنے آگئی

متنازعہ بیان بازی اور اپنی اوٹ پٹانگ حرکتوں سے خبروں میں ان رہنے والے نام نہاد مذہب سکالر، ٹی وی میزبان اور پارٹ ٹائم سیاست دان ڈاکٹر عامر لیاقت کی تیسری بیوی بھی سامنے آ گئی ہیں۔ ہانیہ خان نامی خاتون کے ایک ویڈیو پیغام نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ عامر لیاقت کی مبینہ بیوفائی سے دلبرداشتہ خودکشی کی ناکام کوشش کرنے کے بعد ہانیہ اس وقت اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہے۔ یاد رہے کہ عامر لیاقت نے دو برس پہلے اپنی پہلی اہلیہ بشری اقبال کو چھوڑ کر سیدہ طوبی سے دوسری شادی کر لی تھی۔ شادی کے ایک سال بعد موصوف نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے دی تھی۔ چند ماہ قبل یہ خبر آئی کے طوبیٰ نے عامر لیاقت کی نشے کی لت سے تنگ آکر گھر چھوڑ دیا ہے اور اپنے والدین کے گھر واپس چلی گئی ہیں۔ ۔لیکن اب اچانک عامر لیاقت کی تیسری بیوی سامنے آگئی ہے جس نے سوشل میڈیا پر عامر کو چارج شیٹ کر دیا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ عامر لیاقت حسین کا ماڈل اور ڈرامہ آرٹسٹ ہانیہ خان کے ساتھ گزشتہ ایک سال سے افیئر چل رہا تھا اور دونوں میں گہرے مراسم تھے۔ لیکن یہ راز زیادہ دیر مخفی نہ رہ سکا اور عشق کا جادو سر چڑھ کر بولا تو عامر کی دوسری اہلیہ طوبی جھگر خو اپنے میکے چلی گئی اور ان کے والد انوار نے اپنی بیٹی کے لیے طلاق کا مطالبہ کر دیا۔ تاہم معلوم ہوا ہے کہ بعد ازاں صلح صفائی کے بعد طوبی گھر واپس آگئی اور عامر لیاقت نے دوبارہ ہانیہ سے نہ ملنے کا وعدہ کر لیا۔
اب ٹھکراۓ جانے کے بعد معروف ماڈل ہانیہ خان نے دعوی کیا ہے کہ عامر لیاقت نے ان کے ساتھ تیسری شادی کرنے کے بعد باقاعدہ جسمانی روابط بھی قائم کر لیے تھے۔ ہانیہ نے فیس بک پر عامر لیاقت کے ساتھ اپنی بے شمار تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ اپنے وڈیو پیغام میں ہانیہ نے الزام لگایا ہے کہ عامر لیاقت نے مجھے شادی کر۔کے دھوکہ دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھوکہ کھانے کی وجہ سے ہانیہ نے خودکشی کی بھی کوشش کی اور اب وہ ہسپتال میں ہے۔ ہانیہ کے قریبی افراد کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت ایک دھوکہ باز شخص ہے جو لڑکیوں کے ساتھ جسمانی تعلق قائم کرنے کے لیے انہیں شادی کا جھانسا دیتا ہے اور استعمال کرنے کے بعد اپنانے سے انکار کر دیتا ہے۔ ہانیہ اپنی فیس بک آئی ڈی سے اکثر اوقات اپنی اور عامر کی ویڈیو کالز کے اسکرین شاٹس اور ویڈیوز شیئر کرتی رہی ہیں۔ ہانیہ کے مطابق ان کی فیملی کی ڈاکٹر عامر لیاقت سے بات چیت ہوتی رہی جس کے بعد ہماری محبت کو دیکھتے ہوئے گھر والوں نے ہماری شادی کروا دی۔ لیکن عامر کی دوسری بیوی طوبیٰ نے اس شادی اور اس محبت کے خلاف ایک مہم شروع کردی۔ ہانیہ نے عامر لیاقت کے موبائل پیغامات کا ایک سلسلہ بھی اسکرین شاٹس کے ذریعے فیس بک پر شیئر کیا جس میں عامر لیاقت نے بارہا اپنی محبت کا اظہار کیا۔ لیکن اب تک اس معاملے پر عامر لیاقت اور انکی دوسری اہلیہ طوبی مسلسل خاموش ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ ہانیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے عامر لیاقت کے کہنے پر اپنی والدہ اور والد پر بھی ہاتھ اٹھا دیا تھا لیکن اب طوبیٰ کی باتوں میں آکر اس نے مجھے تنہا کردیا ہے۔ ہانیہ کے دل اور دماغ میں کیا چل رہا ہے یہ ابھی تک کسی کو نہیں پتہ لیکن یہ تو ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا اور عامر لیاقت کا کوئی نا کوئی تعلق ضرور رہا ہے۔
