بغیر انٹر نیٹ کے ”الیکشن مینجمنٹ سسٹم“ کیسے کام کرے گا؟

ملک بھر میں انٹرنیٹ کنکشن نہ ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن آف پاکستان کا الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کیسے کام کرے گا؟ اس سوال کا جواب کرنل محمد سعد علی نے دیا ہے جو ای ایم ایس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ہیں جسے آئندہ عام انتخابات کے نتائج جمع کرنے اور ان کی ٹیبولیشن کیلئے استعمال کیا جانا ہے۔
کرنل محمد سعد نے بتایا کہ ہمارا ای ایم ایس انٹرنیٹ سے نہیں بلکہ انٹرا نیٹ سے چلتا ہے جس کا مطلب ہے کہ ہم نے الیکشن کمیشن کیلئے ایک پرائیوٹ نیٹ ورک قائم کیا ہے جسے پورے ملک میں پھیلایا گیا ہے اور اس میں پی ٹی سی ایل اور دیگر کمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پورے ملک میں ہر صوبائی اسمبلی کے حلقے کیلئے تین جب کہ قومی اسمبلی کے حلقے کیلئے چار لیپ ٹاپس رکھے گئے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ای ایم ایس بغیر انٹرنیٹ کے کیسے کام کرے گا تو انہوں نے کہا کہ جب کنکشن ٹوٹ جائے گا تب یہ لیپ ٹاپ لوکل ایریا نیٹ ورک (ایل اے این) پر آف لائن موڈ میں کام کرتے رہیں گے اور یہ لیپ ٹاپ ہر ریٹرننگ افسر کے دفتر میں موجود ہوں گے۔
