بلوچستان، پختونخوا میں سکیورٹی فورسزکی کارروائیوں میں 4 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 4 دہشت گردہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان میں بتایاگیا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل کے جنرل ایریا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا،ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں نوشکی کے قریب پرودھ پہاڑ کے علاقے میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں بلوچستان ری پبلکن آرمی (بی آر اے) سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گرد ندیم اور شہزاد عالم مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ 6 جون کو نوشکی بلوچستان کے قریب پرودھ پہاڑ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے آپریشن کیا، جیسے ہی اہلکاروں نے علاقے میں آپریشن کا آغاز کیا، دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانوں سے فرار ہونے کی کوشش کی اور سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی،فائرنگ کے تبادلے میں بی آر اے سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گرد ندیم اور شہزاد عالم مارے گئے۔ یہ دہشت گرد خاران اور محلقہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز پر آئی ای ڈی پلانٹ کرنے کی کارروائیوں میں ملوث تھے،دہشت گردوں کے پاس سے اسلحہ اور گولہ باورد بھی برآمد کیا گیا ہے جو وہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں استعمال کرتے تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیاکہ سکیورٹی فورسیز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ 5 جون 2022 کو خیبرپختونخوا کے علاقوں جانی خیل، ضلع بنوں اور ضلع شمالی وزیرستان کے حسن خیل میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

Back to top button