فیفا فٹبال ورلڈ کپ کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی

رواں سال قطر میں ہونیوالے فیفا فٹبال ورلڈکپ سے قبل اس کی چمچماتی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے سابق ورلڈ چیمپئن فٹبالر کرسٹین کریمبیو خصوصی طیارے میں ٹرافی کو ازبکستان سے پاکستان لائے جہاں ٹرافی ایک روز قیام کرے گی اور پھر سعودی عرب روانہ ہو جائے گی۔

ٹرافی لاہور پہنچی تو پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان ہاجرہ خان نے اس کا استقبال کیا جب کہ اس موقع پر اسپانسر اور ٹرافی ٹوور کے منتظمین بھی موجود تھے۔ٹرافی ایک دن پاکستان میں رہے گی اور اس دوران ایک ایونٹ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہوگا جب کہ ایک پبلک ایونٹ ہوگا جس میں کانسرٹ کے دوران ٹرافی نمائش کیلئے رکھی جائے گی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فرانس کے سابق ورلڈکپ ونر کرسٹین کریمبیو نے کہا کہ وہ 2018 کے ٹرافی ٹوور کے موقع پر بھی پاکستان آئے تھے اور اس کے بعد ان کی خواہش تھی کہ وہ ایک بار پھر پاکستان آئیں ،جب پچھلی بار 15 ہزار لوگ صرف ٹرافی کو دیکھنے جمع ہوئے تھے تو ان کو اندازہ ہوگیا تھا کہ یہاں فٹبال کا کتنا جنون ہے اور لوگ کس قدر بے تاب ہیں کہ اپنے ملک کی فٹبال ٹیم کو بھی ایکشن میں دیکھیں۔

کرسٹین کریمبیو نے امید ظاہر کی کہ پاکستان فٹبال کے مسائل جلد حل ہوجائیں گے، فٹبال کی بہتری کیلئے ایک راستہ ہے اور وہ یہ ہے کہ ٹیم زیادہ سے زیادہ کھیلے اس سے پلیئرز کو بھی زیادہ سے زیادہ مواقع ملیں گے، بہتری کی امید ہمیشہ رہتی ہے، امید ہے فٹبال میں یہاں بھی بہتری آئے گی۔

پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان ہاجرہ خان نے کہا کہ ایک بار پھر ٹرافی ٹوور کا حصہ بن کر وہ کافی خوش ہیں، جب ٹرافی کے استقبال کے موقع پر اپنا عکس اس ٹرافی پر دیکھا تو جذبات یہی تھے کہ جلد پاکستان کے معاملات بھی بہتر ہوں اور ہم انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیں۔

Back to top button