بلوچستان: مختلف علاقوں میں زلزلہ، 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جمعرات کو علی الصبح آنے والے زلزلے سے تقریباً 20 افراد ہلاک اور درجنوں شدید زخمی ہوگئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ہرنائی کے قریب تھاجبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.7 اور اس کی زیر زمین گہرائی تقریباً 20 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت کوئٹہ سمیت سبی، ہرنائی، پشین، قلعہ سیف اللہ، چمن، زیارت اور ژوب میں محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے اموات ہوئیں۔زلزلے کے نتیجے میں بجلی معطل ہوگئی اور ہسپتالوں میں ٹارچ کی روشنی میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ ہرنائی میں متعدد گھر زمین بوس ہوگئے، ملبے تلے دب کر 20 سے زائد لوگ جاں بحق جبکہ 300 زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ اور ہرنائی کے اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔
بلوچستان میں کوئٹہ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔
زلزلے سے ہرنائی میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، مکان ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ ملبے تلے دب کر متعدد افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی بھی ہوئے۔ کوئٹہ اور ہرنائی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
وزیر داخلہ بلوچستان ضیالانگو کے مطابق شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ زلزلے کے بعد ایف سی، لیویز اور پولیس بھی امدادی کارروائیوں میں شریک ہیں۔
زلزلے کے بعد ہرنائی سنجاوی شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی جس کے باعث شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ ڈی سی ہرنائی کے مطابق زلزلے کے باعث سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ کنٹرول روم ہرنائی سمیت صوبے کے تمام اضلاع سے رابطے میں ہے۔
