بلوچستان کو شکست، ناردرن کی ٹیم نیشنل ٹی20 چیمپیئن بن گئی

نیشنل ٹی20 کپ کے فائنل میں ناردرن کی ٹیم نے بلوچستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 52 رنز سے شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل بلوچستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔
عمر امین نے 38 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی معقول مجموعے تک رسائی یقینی بنائی۔اس کے علاوہ محمد نواز نے 31 اور شاداب خان نے ناقابل شکست 25 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت ناردرن نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 167رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور سہیل تنویر نے کپتان امام الحق اور بسم اللہ خان کو 14 رنز پر چلتا کردیا تھا۔اس کے بعد اویس ضیا اور عمران فرحت نے 44 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 58 تک پہنچایا لیکن اس کے بعد کوئی بھی بلے باز ڈٹ کر ناردرن کے باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا۔
