بنگلادیشی ہیڈ کوچ نے پچ پر اعتراض اٹھادیا

بنگلادیشی کوچ رسل ڈومینگو نے پاکستان سے ابتدائی دونوں ٹوئنٹی 20 میچز میں شکست کا ذمہ دار پچ کو ٹہرا دیا انہوں نے کہا کہ سیریز کےلیے تیار کی گئی وکٹوں پر ہمارے نوجوان بیٹسمینوں کے لیے کھیلنا آسان نہیں۔
بنگلادیشی کوچ رسل ڈومینگو نے پاکستان سے دوسرے ٹوئنٹی 20 میچ میں 9 وکٹ سے ناکامی کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ پچز اچھی نہیں اور تھوڑی اوسط درجے کی ہیں، ان پر بیٹنگ کرنا آسان نہیں، اگرچہ ہفتے کے میچ کی پچ قدرے بہتر مگر یہ ہماری نوجوان بیٹنگ لائن کےلیے موزوں نہیں تھی، دونوں مرتبہ ٹاس جیت کر ہم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا کیوں کہ ہم سمجھتے تھے کہ اگر اچھا ٹوٹل بناسکے تو میزبان بیٹسمینوں کو چیلنج دے سکیں گے۔
رسل ڈومینگو نے اعتراف کیا کہ عالمی رینکنگ میں نمبر ون پاکستان نے ہمیں تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کیا، بھر پور کوشش کے باوجود میزبان سائیڈ کے ان بہترین بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکے جو بیک وقت یارکر، ریورس سوئنگ بولنگ کرنے کا فن بخوبی جانتے ہیں، ہم مسلسل وکٹیں گرنے کی وجہ سے بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے، پہلے میچ میں 10 سے 15جب کہ دوسرے مقابلے میں 20 سے25 رنز کم بنائے۔
انہوں نے کہا کہ مشفیق الرحیم کے نہ ہونے سے بھی فرق پڑا، البتہ ان کی عدم موجودگی میں نوجوانوں کے پاس خود کو منوانے کا بہترین موقع ہے، ہمیں مڈل آرڈر میں ایک ایسے پاور ہٹر کی تلاش ہے جو کم وقت میں رنز کی تعداد میں اصافہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ تجربے سے سبق سیکھ کر تیسرا میچ جیتتے ہوئے سیریز کے اچھے اختتام کی کوشش کریں گے۔
رسل ڈومینگو نے مزید کہا کہ میں پہلی بار پاکستان آیا اورخوب لطف اندوز ہو رہا ہوں، میرا یہاں آنے کا تجربہ بہت شاندار رہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button