بچوں کو جنسی ہراسانی سے بچانے کے لیے نئی اینیمیٹڈ سیریز


ایک معروف پاکستانی این جی او نے اسلام آباد میں جرمن سفارتخانے کی فنڈنگ سے ایک اینیمیٹڈ سیریز بنائی ہے جسکا بنیادی مقصد بچوں کو اپنے جنسی استحصال سے بچنے کے لیے آگاہی فراہم کرنا ہے۔
’سپر سوہنی‘ نامی اینیمیٹڈ سیریز بچوں کو اپنے ارد گرد موجود جنسی بھیڑیے پہچاننے اور انکے خلاف آواز بلند کرنے کا حوصلہ دینے کی ایک کوشش ہے۔ جنوری 2022 میں نشر ہونے والی یہ سیریز لاہور میں قائم غیر سرکاری تنظیم سماج کا منصوبہ ہے، جس میں اسے جرمن سفارت خانے کی شراکت داری حاصل ہے۔ اس سیریز کا پہلا سیزن لڑکیوں کے ساتھ جنسی بدسلوکی کے حوالے سے ہے اور اس کی 10 اقساط ہر ہفتے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر ہوں گی۔
سیزیز کے دوسرے سیزن میں لڑکوں کے ساتھ ہونے والی جنسی بدسلوکی پر روشنی ڈالی جائے گی۔
بچوں کے تحفظ پر کام کرنے والی تنظیم ساحل کے مطابق رواں سال جنوری سے جون کے درمیان ہر روز 10 سے زائد بچوں کو جنسی بدسلوکی یا استحصال کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گذشتہ سال کے اسے دورانیے میں روزانہ آٹھ بچوں کے ساتھ جنسی بدسلوکی ہوئی۔
اس اینیمیٹڈ سیریز کے ٹریلر کے مطابق سپر سوہنی ایک اڑنے والی سپر ہیرو ہے، جو لڑکیوں کو نشانہ بنانے والوں کو روکتی ہے۔ سماج کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سحر مرزا نے بتایا کہ ہم امید کر رہے ہیں کہ جب بچے سپر سوہنی کو دیھکیں گے تو ان میں جنسی بھیڑیوں کے حوالے سے آگاہی آئے گی اور وہ ایسے لوگوں کو پہچان پائیں گے اور بغیر خوف اپنے والدین یا بڑوں سے انکے بارے میں بات بھی کر سکیں گے۔ سحر مرزا کا کہنا ہے کے بچوں کے ساتھ جنسی بدسلوکی کے زیادہ تر کیسز رپورٹ ہی نہیں ہوتے کیونکہ اسکے ساتھ شرمندگی اور بےعزتی کا احساس جڑا ہوتا ہے۔ اس لیے انہیں لگا کہ کم عمر افراد کی توجہ حاصل کر کے ان میں آگاہی پھیلانے کے لیے اینیمیٹڈ سیریز بنانا ایک اچھا میڈیم ہوگا۔ سماج نامی این جی او کے شریک بانی عمار عزیز نے بتایا کہ اس سیزیز کو بنانا ایک جذباتی سفر تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حالانکہ پہلے سیزن میں لڑکوں کے تجربے پر بات نہیں مگر سیزیز کے لیے ری سرچ کرتے اور لکھتے ہوئے انہیں بہت سے تجربات جانے پہچانے لگے۔سحر مرزا نے کہا کہ لڑکے بھی جنسی بدسلوکی کا نشانہ بنتے ہیں لیکن پہلے سیزن میں انہوں نے لڑکیوں پر توجہ اس لیے مرکوز کی کیونکہ 70 فیصد متاثرین کم عمر لڑکیاں ہوتی ہیں۔جرمنی کے سفیر برنہارڈ شلاگیک نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سیریز کا ٹریلر شیئر کیا اور امید ظاہر کی کہ اس کی مدد سے بچوں میں خود کو محفوظ رکھنے کے لیے شعور اور اعتماد پیدا ہوگا۔ یہ سیریز نئے سال کے آغاز میں رہلیز کر دی جائے گی۔

Back to top button