بچہ ہفتے میں 3 دن پڑھائی کےلیے تعلیمی ادارے آئے گا

صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ 9ویں تا12ویں جماعت میں پڑھائی جاری ہے، بقیہ تعلیمی ادارے بھی یکم فروری سے کھلیں گے، ایس او پی کے تحت 50 فیصد بچے آیا کریں گے، ایک بچے کو ہفتے میں 3 دن پڑھائی کےلیے تعلیمی ادارے آنا ہوگا۔
ایجوکیشن اسٹیرنگ کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا کہ اجلاس میں تعلیمی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ہے، اجلاس میں اتفاق ہوا کہ امتحانات جلد بازی میں نہیں لیے جائیں گے۔ سعیدغنی کا کہنا تھا کہ امتحانات سے پہلے 60 فیصد نصاب کو بہتر انداز میں پڑھایا جائے، امتحانات میں تاخیر ہی کیوں نہ کرنی پڑے 60 فیصد سلیبس پڑھانا ضروری ہے، اس سال کسی بھی صورت بغیر امتحانات طلبہ کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ اسٹیرنگ کمیٹی کا اگلا اجلاس 30 جنوری کو ہوگا، جامع تعلیمی پلان برائے 21-2020اور22-2021 کی تیاری کےلیے کمیٹی بنائی ہے، کمیٹی تعلیمی اداروں میں پڑھائی کی مدت، امتحانات کاشیڈول اور نتائج کی تاریخ پر سفارشات تیار کرے گی۔ سعیدغنی نے کہا کہ کمیٹی رواں تعلیمی سال اور اگلے تعلیمی سال کا شیڈول ایک ہفتے میں دے گی، کمیٹی میں سیکریٹری اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز کے نمائندے اور تعلیمی بورڈ کے چیئرمین شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بھر کے نجی تعلیمی اداروں کا سینسس ہوگا، تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button