بھارتی اداکار ارجن کپور بھی پاکستانیوں کے معترف

عالمی وبا کورونا کی دوسری لہر کے دوران آکسیجن کی کمی اور بھارت میں بدترین صورتحال پر پاکستانیوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے تعاون کے ارجن کپور بھی معترف ہوگئے۔
ارجن کپور نے پاک بھارت تعلقات سے متعلق گفتگو کی۔بالی وڈ کے لیے پاکستان کے تعاون کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اکثریت بالی وڈکی معاون رہی ہے، وہاں ہماری فلموں کے لیے جوش وخروش ، محبت اور غیر مشروط تعاون پایا جاتا ہے۔
نہوں نے کہا کہ میں یہ ماننے سے انکار کروں گا کہ فن سرحدوں کو عبورکرتے ہوئے لوگوں کو ایک دوسرے سے رابطے میں نہیں لاسکتا ،آج لوگ یہ نہیں سوچتے کہ صورتحال کیا تھی، لوگ اس صورتحال سے نمٹ رہے ہیں، میں اس کا احترام کرتا ہوں اور مجھے امید ہے اس کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ارجن کپور نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 6 ماہ بعد چیزیں بہتر ہوجائیں گی لیکن آپ کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ کورونا بحران کے وقت کون سے مددگار ہاتھ آپ کی طرف بڑھے جن کا احترام کیا جانا چاہیے، یہ ایک ایسا وقت ہے جب جذبات گونج رہے ہیں اور لوگ اکٹھے ہورہے ہیں، جو بھی سیاسی منظر نامہ ایک یا دو سال قبل تھا اسے پس پشت ڈال رہے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے علاوہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور امید ہے کہ اس دوستی کو مزید بڑھایاجائے گا۔
ارجن کپور نے مزید بتایا کہ ان کی فلم کو پاکستانی شائقین کی جانب سے جو تعاون مل رہا ہے وہ بہت زیادہ ہے۔خیال رہے کہ بالی وڈ ہدایت کار کاشف نیئر کی ہدایت کاری میں بننے والی بالی وڈ فلم ’سردار کا گرینڈ سن ‘حال ہی میں نیٹ فلیکس پر ریلیز کی گئی ہے، فلم میں اداکار ارجن کپور، راکول پریت سنگھ سمیت نینا گپتا نے مرکزی کردار اداکیا ہے، فلم میں پاک بھارت کا تاریخی تعلق دکھایاگیا ہے۔
