بھارت نے فضائی حملے کی غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیں گے

بھارتی وزیر امیت شا ہ کے دھمکی آمیز بیان پر وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔
وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ بھارت نے حملے کی غلطی کی تو اس کا منہ توڑ اور فوری جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کا آج کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، دنیا بھارتی وزیر داخلہ کے بیان کا نوٹس لے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت یہ گیڈر بھبکیاں بند کرے، پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے لیکن بھارت معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے۔
بھارتی وزیر داخلہ کو مخاطب کرکے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امیت شاہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان کا لداخ کے بارے میں کیا خیال ہے، بھارت لداخ پر سرجیل اسٹرائیک کیوں نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ لداخ کے معاملے پر بھارتی میڈیا کیوں خاموش ہے، جب کہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے۔ اپنے سخت ردعمل میں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں حکومت سے نالاں ہیں جبکہ معاشی حالات بگڑ چکے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر میں بھارت نے ظلم کی انتہا کی ہوئی ہے اور دوسری طرف افغانستان کے امن عمل کو بھی سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست اڑیسہ میں اپنے خطاب میں بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے مودی حکومت کی جانب سے قومی سلامتی کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلے دور میں پاکستان کے اندر جاکر سرجیکل اسٹرائیک کا حکم دیا تھا۔
امیت شاہ نے کہا تھا کہ ‘بھارت کی سرحد پار کرنا بچوں کا کھیل نہیں ہے اور اس کی سزا بھی ہے، جس کو دنیا جانتی ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ حالات ایسے ہوئے تو مودی سرجیکل اور فضائی کارروائی کے لیے ایک منٹ کی تاخیر نہیں کرتے، انہوں نے پاکستان کے اندر دہشت گردوں کو سزا دینے کے لیے ایسا کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button