بیٹی کی خلاف میرٹ تقرری،یاسمین راشدانکوائری میں قصوروارقرار

سابق وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد پر اختیارات کے ناجائزاستعمال،بیٹی کی خلاف میرٹ تقرری پر انکوائری مکمل،اینٹی کرپشن نے قصوروار قرار دیدیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق سابق وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے بیٹی ڈاکٹرعائشہ علی کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج میں میرٹ کے برعکس اسسٹنٹ پروفیسر تعینات کروایا۔ اینٹی کرپشن انکوائری میں ثابت ہوا کہ سابق وزیر صحت نے اپنی بیٹی کی ملازمت کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد اور ان کی بیٹی کے خلاف بعد از انکوائری مقدمہ درج کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عائشہ علی اپنی تعیناتی کے وقت مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترتی تھیں۔ ڈاکٹر عائشہ علی کے تجربہ کے سرٹیفکیٹ پر اسکی والدہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے خود دستخط کئے۔ملازمت کے وقت ڈاکٹر عائشہ علی کی عمر 47 سال جبکہ مطلوبہ عمر صرف 40 سال تھی۔ ڈاکٹر عائشہ علی نے قانون کے مطابق عمر میں رعایت کے لیے کوئی درخواست جمع نہیں کروائی۔
ڈاکٹر عائشہ علی کو انٹرویو میں دیگر امیدواروں پر جان بوجھ کر فوقیت دی گئی۔ ڈاکٹر عائشہ ملازمت حاصل کرنے کے فورا بعد قواعد کے برعکس بیرون ملک چلی گئی۔
سابق وزیر صحت نے اپنا اثرورسوخ استعمال کر کے اپنی بیٹی کی غیر قانونی تقرری کروائی۔
