بی بی کوپنڈی جلسے میں جانے سےمنع کیاتھا لیکن وہ نہ مانیں

پیپلزپارٹی کےشریک چیئرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ محترمہ بینظیربھٹو کو پنڈی جلسے میں شرکت سے منع کیا تھا لیکن وہ نہیں مانیں۔
بلاول ہاؤس لاہور میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 68ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، سابق صدر آصف علی زرداری نے بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ بینظیر بے نظیر تھیں انہوں نے دنیا میں اپنی سوچ منوائی، دنیا بھر کے دانش مند آج ان پر کتابیں لکھ رہے ہیں، وہ سال کے سب سے لمبے دن 21 جون کو پیدا ہوئیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ بھٹو صاحب کہتے تھے یہ سورج کبھی غروب نہیں ہوگا۔
سابق صدر نے کہا کہ بینظیر کو پنڈی جلسے میں شرکت سے منع کیا تھا مگر وہ نہیں مانیں، انٹیلی جنس افسر نے رات کو بتایا تھا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے اس پر بینظیر نے کہا کہ دہشت گردوں کو پکڑتے کیوں نہیں؟ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اللہ نے بی بی کو اتنی ہمت دی کہ مشرف کو مکھی کی طرح نکال باہر کیا، جان آنی جانی چیز ہے آپ کی وجہ سے ہر مشکل کا مقابلہ کرسکتا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ انسان بہت کمزور ہے، دعا کریں مولا مجھے قبر تک ہمت دے۔انہوں نے کہا کہ کبھی جیل تو کبھی اسپتال میں رہا ہوں، کارکنوں سے ملنا میرے لیے کسی تحفے سے کم نہیں، بلاول کو میں کیا سکھا سکتا ہوں مچھلی کو کوئی تیرنا سکھاتا ہے، بلاول آپ کی آئندہ نسلوں کو ساتھ لے کر چلے گا۔

Back to top button