پاکستان امریکا اور ایران کو مفاہمتی یادداشت پر واپس لانے کےلیے سرگرم ہے: دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ پاکستان کوشش کررہا ہے کہ امریکا اور ایران کو اسلام آباد ایم او یو پر واپس لایا جائے، پاکستان ایران امریکا معاملے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی صورت حال پر تشویش ہے، فریقین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے۔
طاہر اندرابی نے بتایاکہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، 25 جولائی کو وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، اسحاق ڈار کا اردن کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ ہوا،گزشتہ روز کویت کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا سرکاری دورہ مکمل کیا۔
امریکا کا ایران پر بڑا فضائی حملہ، پاسدارانِ انقلاب کے درجنوں اہداف نشانہ
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ مشرقِ وسطیٰ اور آبنائے ہرمز میں صورت حال تشویشناک ہے،پاکستان پُرامید ہےکہ دونوں فریقین ٹیکنیکل لیول ٹالکس پر واپس آجائیں، خلیج بالخصوص آبنائے ہرمز اور باب المندب میں ہونے والی تبدیلیاں تشویشناک ہیں،تاہم صورت حال کو معمول پر لانے کےلیے مذاکرات جاری ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایران اور امریکا کے درمیاں جاری کشیدگی کو خطے کے دیگر حصوں تک نہیں پھیلنا چاہئے،ہم نے سعودی وزارت دفاع کا بیان دیکھا ہے،سعودی وزارت دفاع کےمطابق عراق سے متعدد ڈرونز کے زریعے سعودی عرب کو نشانہ بنایاگیا۔
