جاپان میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی

جاپان میں تباہ کن زلزے سے ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے۔
جاپان کے جنوب مغربی علاقے میں 7.1 شدت کے تباہ کن زلزلے کے دو روز بعد حکومت نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اموات کی مجموعی تعداد 28 ہو گئی ہے۔
جاپانی حکومت کے ترجمان منورو کیہارا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 28 تک پہنچ چکی ہے، جن میں وہ افراد بھی شامل ہیں جن کی اموات کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔
28 جولائی کو آنے والے شدید زلزلے نے جزیرہ کیوشو میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جہاں درجنوں مکانات منہدم ہو گئے، پلوں کو نقصان پہنچا اور کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ زلزلے کے بعد بجلی اور پانی کی فراہمی معطل ہونے سے ہزاروں شہری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
سب سے زیادہ متاثرہ علاقے کماموٹو کے قصبے کاشیما میں واقع ایون شاپنگ مال کے ملبے تلے ممکنہ زندہ بچ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے سیکڑوں امدادی اہلکار مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔ شاپنگ مال زلزلے کے تقریباً 50 منٹ بعد ہونے والے ایک شدید دھماکے سے تباہ ہو گیا تھا، جس وقت اس کے اندر عملے کے متعدد ارکان موجود تھے۔
ادھر یاتسوشیرو شہر میں نیپون پیپر انڈسٹریز کی فیکٹری کی چمنی کا ایک حصہ گرنے سے پانچ افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ مزید چار افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
پاک بحریہ کا شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن، 19 ماہی گیر بچا لیے
زلزلے کے بعد سے آنے والے مسلسل آفٹر شاکس نے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیلا رکھا ہے۔ دوسری جانب شدید گرمی اور حبس کی لہر بھی جاری ہے، جہاں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ حکام نے ہیٹ سٹروک سے متعلق وارننگ بھی جاری کر دی ہے۔
