امریکا کا ایران پر بڑا فضائی حملہ، پاسدارانِ انقلاب کے درجنوں اہداف نشانہ

 

 

 

امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی تنصیبات پر حملوں کے جواب میں ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فضائی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق جوابی آپریشن کے دوران پاسدارانِ انقلاب کے درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

سینٹکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں فوجی کمانڈ سینٹرز، میزائل اور ڈرون تنصیبات پر حملے کیے گئے، جبکہ ساحلی نگرانی، دفاعی مراکز اور بحری صلاحیتوں کو بھی ہدف بنایا گیا۔کارروائیوں کا مقصد امریکی افواج، تجارتی جہاز رانی اور خلیجی ممالک کو درپیش خطرات کو کم کرنا ہے۔

آج صبح امریکا کی جانب سے ایران پر تازہ حملوں کے اعلان کےبعد ایران کے مختلف شہروں سے دھماکوں اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ہرمزگان صوبے کے نائب گورنر احمد نفیسی نے بتایاکہ آج صبح چار بجے جزیرہ قشم پر فضائی حملہ ہوا ہے، حملے کے ایک گھنٹے بعد احمد نفیسی کا کہنا تھا کہ قشم شہر کے علاقے چاہ ٹنگو میں ایک رہائشی یونٹ کو دشمن نے میزائلوں کا نشانہ بنایا ہے۔

خوزستان کے نائب گورنر نے آبادان کے نواحی علاقوں پر حملوں کی اطلاع دی، تاہم اس حملے کے نتیجے میں ہونے والے کسی بھی ممکنہ نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔

دوسری جانب خوزستان میں ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق صوبے کے کم از کم چار شہروں، شادگان، اروندکنار، آبادان اور اہواز میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، صرف اہواز میں سات دھماکے سنے گئے۔اسی دوران ابوموسی اور کیش کے جزیروں کے علاوہ قشم کے سمندری علاقے اور آبنائے ہرمز میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

آج صبح صوبہ فارس کے شہروں نورآباد ممسنی اور کازرون سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی متعدد اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

 

 

Back to top button