وزیراعظم سے کویتی وزیر خارجہ کی ملاقات،خطےکےامورپرتبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی۔خطے کی مجموعی صورتحال،امن وامان پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
شہبازشریف نے کویتی وزیرخارجہ سے ملاقات میں پاکستان اور کویت کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا اور خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت بھی کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی صورت حال، باہمی دلچسپی کے امور اور مستقبل میں اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرائے دفاع، تجارت، قومی غذائی تحفظ و تحقیق، مواصلات، بحری امور اور پیٹرولیم، وزیراعظم کے مشیر اور حکومت کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کویتی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا اور امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد پر استوار دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل اور ہر خوشی کے موقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کویت کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یک جہتی کا اعادہ کیا اور جاری تنازع کے دوران کویت اور دیگر برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
