اوور سیز پاکستانی قیمتی اثاثہ، ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ترجیح ہے: وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے سفارتخانوں میں سہولیات میں اضافے، دستاویزات کے تصدیقی عمل کی ڈیجیٹائزیشن، شکایات کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور بیرون ملک سے پاکستان میں مختلف خدمات اور ادائیگیوں کے لیے ڈیجیٹل سہولتوں کے حوالے سے وزارت خارجہ نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کے نظام کو آسان بنانے کے لیے کیو آر (QR) کوڈ متعارف کرایا جا چکا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کا نظام تمام پاکستانی سفارتخانوں میں نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے اور اس سہولت سے متعلق بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے مؤثر آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے استفادہ کر سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے وزارت خارجہ کے اسلام آباد دفتر میں شام کی شفٹ کا آغاز کیا جا چکا ہے، جبکہ دستاویزات کی تصدیق کی سہولت آسان خدمت مرکز اسلام آباد میں بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ مزید برآں، کورئیر کے ذریعے تصدیق کی سہولت متعارف کرانے کے ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، نادرا اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹابیس کو بھی اس نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس سے تصدیقی عمل مزید تیز اور مؤثر ہوا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو ون اسٹپ کر دیا گیا ہے، جبکہ اگلے مرحلے میں پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے این آئی ٹی بی کے تعاون سے ایک موبائل ایپلی کیشن تیار کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس، میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت دیگر اہم دستاویزات کی آن لائن تصدیق ممکن ہوگی۔
4 اکتوبر احتجاج کیس: علیمہ خان اور عظمیٰ خان اشتہاری قرار
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت عون چوہدری، معاون خصوصی طارق باجوہ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
