بجلی کے بلوں سے ایک سال میں 476 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول

بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان صارفین سے گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت نے مختلف ٹیکسوں کی مد میں476 ارب روپے سے زائد وصول کیے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق 476 ارب روپے میں سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی مد میں وصولیاں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں پیش کی گئی دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ مجموعی وصولیوں میں 351 ارب روپے سیلز ٹیکس جبکہ 124 ارب روپے انکم ٹیکس کی مد میں حاصل کیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق گزشتہ برسوں میں بجلی کے بلوں سے ٹیکس وصولیوں کا حجم بھی نمایاں رہا۔ مالی سال 25-2024 کے دوران 562 ارب روپے، 24-2023 میں 515 ارب روپے جبکہ 23-2022 میں 313 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

مزید تفصیلات کے مطابق ودہولڈنگ انکم ٹیکس کی مد میں صنعتی صارفین سے 66 ارب روپے، کمرشل صارفین سے 52 ارب روپے، نان فائلر گھریلو صارفین سے 4 ارب 82 کروڑ روپے اور سیکشن 235 اے کے تحت دیگر گھریلو صارفین سے ایک ارب 37 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

 

اوور سیز پاکستانی قیمتی اثاثہ، ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ترجیح ہے: وزیر اعظم

دوسری جانب سیلز ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والے 351 ارب روپے میں سے 269 ارب روپے نارمل سیلز ٹیکس، 55 ارب روپے اضافی سیلز ٹیکس جبکہ 16.5 ارب روپے ریٹیلرز سے وصول کیے گئے۔

Back to top button