حکومتی اقدامات سے سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہو رہا ہے، عاطف اکرم

وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہو رہا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے پاکستان فرسٹ اکنامک سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کے باعث کاروباری برادری کو نمایاں ریلیف ملا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ برآمدکنندگان پر عائد اضافی ٹیکس میں کمی اور جائیداد کی خریداری پر اضافی ٹیکس کے خاتمے پر کاروباری برادری حکومت کی شکر گزار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایف پی سی سی آئی کی متعدد تجاویز کو وفاقی بجٹ میں شامل کیا، جس سے کاروباری طبقے کو ریلیف ملا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کو شرح نمو بڑھنے کے ساتھ خسارے کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم موجودہ معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان ترقی کے بے پناہ مواقع اور صلاحیتوں کا حامل ملک ہے اور مؤثر معاشی حکمت عملی کے ذریعے اسے پائیدار اقتصادی استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں بھی پاکستان نے اہم ثالثی کردار ادا کیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے نورین نیازی کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی
انہوں نے پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وطن کے محافظ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک میں امن قائم رکھتے ہیں۔ ان کے بقول پوری قوم شہدا کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پائیدار امن کے لیے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
