بے نامیPTI اکائونٹس کا ریکارڈ حاصل،عمران اسماعیل طلب

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے تحریک انصاف کے بے نامی اکائونٹس کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے اورپی ٹی آئی رہنما و سابق گورنرسندھ کو بھی طلب کر لیا ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ان اکاؤنٹس کے دستخط کنندہ ہیں اوریہ اکاؤنٹس عمران خان کی ہی درخواست پر2011 میں کھولے گئے تھے۔ مذکورہ اکاؤنٹس کو بیرون ملک سے فنڈز منگوانے کیلیے اسلام آباد کے نجی بینک میں کھلوائے گئے جبکہ ان اکاؤنٹس کو الیکشن کمیشن سے بھی چھپائے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایک اکاؤنٹ میں 8کروڑسے زائد رقم باہرسے آئی جبکہ دوسرے اکاونٹ میں بیرون ملک سے 51ہزار ڈالر سے زائد کے فنڈز آئے۔ بے نامی اکاؤنٹس سے رقم پی ٹی آئی کے دوسرے اکاؤنٹس میں منتقلی ہوتی رہی۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو بھی طلب کر لیا ہے۔

سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے علاوہ پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیا کو بھی طلب کیا ہے۔ ان دونوں کے علاوہ دو نجی بینکوں کے افسران کو بھی ایف آئی اے آفس میں طلب کیا گیا ہے۔ نجی بینکوں کے افسران کو 10 اگست کو ایف آئی اے آفس کراچی میں طلب کیا گیا ہے جبکہ رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیا کو 12 اگست اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو 15 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے تحقیقات کےلیے تحریک انصاف کیخلاف 5 مختلف انکوائری ٹیمیں بنادی ہیں، ایف آئی اے حکام کے مطابق تحریک انصاف کیخلاف پانچ مختلف انکوائری ٹیمیں بنادی گئی ہیں اور یہ انکوائری کمیٹیاں لاہور، کراچی، پشاور، اسلام آباد اور کوئٹہ میں کام کریں گی، اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی سے متعلقہ ریکارڈ مانگا جائے گا، جب کہ پانچوں ٹیموں کو ہیڈکوارٹر میں ایک بڑی کمیٹی سپروائز کرے گی۔

واضح رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کا ایک حصہ تحریک انصاف کے بے نامی اورغیر اعلانیہ اکاؤنٹس پر مرکوز تھا، ای سی پی کے تین رکنی بینچ نے 2 اگست کو سنائے گئے فیصلے میں لکھا کہ ان میں سے دو اکاؤنٹس اسلام آباد کے ایک نجی بینک میں کھولے گئے تھے، ای سی پی نے اپنے 70 صفحات پر مشتمل فیصلے میں دو غیر اعلانیہ اکاؤنٹس میں سے ایک اور پی ٹی آئی کے اعلان کردہ اکاؤنٹ کے درمیان منتقلی کی تفصیلات بھی فراہم کی ہیں۔

Back to top button