ترکی میں نصب ارطغرل غازی کا مجسمہ کیوں ہٹا دیا گیا؟

ایک ایسے وقت میں کہ جب ترکش ڈرامے ارطغرل غازی کی مقبولیت کے پیش نظر پاکستان میں اس کردار کے مجسمے بنا کر نصب کیے جا رہے ہیں، ترکی میں ارطغرل کا ایک بڑا مجسمہ ہٹا دیا گیا ہے۔
حال ہی میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ایک رہائشی کالونی میں بہادر جنگجو اور سلطنت عثمانیہ کے قیام کی راہ ہموار کرنے والے ترک مجاہد ارطغرل غازی کا مجسمہ نصب کیا گیا تھا۔ لاہور میں ارطغرل غازی کا مجسمہ پاکستان میں ان کی زندگی پر بنے ترک ڈرامے کے نشر ہونے اور اسکی مقبولیت کے پیش نظر نصب کیا گیا تھا۔ تاہم دوسری طرف ترکی میں نصب کیے گئے ارطغرل غازی کے ایک مجسمے کو ہٹادیا گیا ہے۔ جی ہاں، ترکی کے صوبے اردو کے دارالحکومت میں حال ہی میں نصب کیے گئے ارطغرل غازی کے مجسمے کو اس لیے ہٹادیا گیا کہ اس مجسمے کی شکل و صورت اصل جنگجو مجاہد سے نہیں بلکہ ڈرامے میں کردار ادا کرنے والے اداکار سے ملتی جلتی تھی۔ ترکی کے اخبار حریت کے مطابق صوبائی دارالحکومت اردو میں ارطغرل غازی کے مجسمے کو 4 جون کو نصب کیا گیا تھا اور اس کے نصب ہوتے ہی اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں جس کے بعد کئی شہریوں نے شکایت کی کہ مجسمے کی شکل اصل جنگجو بہادر جیسی نہیں بلکہ ارطغرل غازی ڈرامے کے کردار سے مشابہت رکھتی ہے۔ کئی شہریوں نے شکایت کی کہ نصب کیے گئے اس مجمسے کو دیکھتے ہی یہ احساس ہوتا ہے کہ وہ 13 ویں صدی کے ترک مجاہد ارطغرل غازی کو نہیں بلکہ ڈرامے کے کردار کو دیکھ رہے ہیں۔
لوگوں کی اس شکایت کے بعد ضلعی انتظامیہ نے مجسمے کو ہٹاتے ہوئے اعلیٰ حکام کو تحریری جواب داخل کرواتے ہوئے کہا کہ مجسمے کی تیاری میں غفلت کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے مجسمے کی تیاری میں غفلت کا ارتکاب کرنے والے 2 افسران کو معطل بھی کردیا ہے۔ اب اردو شہر کی انتظامیہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ مجسمے کو اس لیے ہٹایا گیا کیوں کہ مجسمے کی شکل و صورت 13 ویں صدی کے اصل ارطغرل غازی کے بجائے ڈرامے کے کردار سے بہت ذیادہ مشابہت رکھتی تھی۔ مزے کی بات یہ ہے کہ لاہور شہر میں نصب کیے گئے ارطغرل کے مجسمے کی شکل و صورت بھی ڈرامے کے میں اس بہادر جنگجو کا کردار ادا کرنے والے شخص سے ملتی ہے نہ کہ اصلی ارطغرل دے۔
خیال رہے کہ ارطغرل غازی ترکی کے قائی قبیلے کی جنگجو بہادر تھے، جنہوں نے 13 ویں صدی میں متعدد قبائل کے خلاف فتوحات حاصل کیں اور بعد ازاں ان کے بیٹے عثمان نے بھی فتوحات کو جاری رکھتے ہوئے سلطنت عثمانیہ کی بنیاد رکھی تھی۔ ارطغرل غازی کی زندگی پر ہی ترکی کا شہرہ آفاق ڈراما ارطغرل غازی بنایا گیا، جس نے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی مگر پاکستان میں اس نے کامیابیوں کے نئے ریکارڈز بنائے۔ یہ ڈراما پاکستان ٹیلی وژن پر اپریل کے آخر سے وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر نشر کیا جا رہا ہے اور ڈرامے کی شہرت کو دیکھتے ہوئے پاکستان میں مذکورہ ڈرامے کردار بھی مقبول ہونے لگے ہیں۔ اسی ڈرامے کے نشر ہونے کے بعد ہی حال ہی میں لاہور کے ایک رہائشی کالونی نے بھی ارطغرل غازی کا مجسمہ مرکزی چوک پر نصب کرتے ہوئے اسے ارطغرل غازی چوک کا نام دیا تھا۔
