تعطل کا شکار فلم ’’ٹچ بٹن‘‘ کو ریلیز کرنے کا اعلان

طویل دورانیہ تک تعطل کا شکار رہنے والی فلم ’’ٹچ بٹن‘‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے آئندہ ماہ ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، گلوکار و اداکار فرحان سعید اور فیروز خان کی فلم کی شوٹنگ 2018 میں شروع کی گئی تھی اور اسے 2019 کے اختتام تک ریلیز کیے جانے کا امکان تھا، تاہم ایسا نہ ہو سکا تھا۔
بعد ازاں دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کرونا کی وبا آنے کی وجہ سے اس کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوئی، تاہم فروری 2020 میں اس کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے اسی سال عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم کرونا کے باعث سینمائوں کی بندش کی وجہ سے ٹچ بٹن کی نمائش بھی دیگر فلموں کی طرح روک دی گئی تھی اور پھر رواں برس جولائی میں فلم کو 2022 کے آخر تک پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، اب فلم کا پہلا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ 11 نومبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں پیش کرنے کی تصدیق کردی گئی۔

جاری کیے مختصر دورانیے کے ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی رومانٹک کامیڈی ہے اور اس کی شوٹنگ پاکستان کے علاوہ ترکی میں بھی کی گئی ہے۔ ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم کے مرکزی ہیروز یعنی فیروز خان اور فرحان سعید بھائی کے طور پر دکھائی دیں گے، جن کے درمیان ممکنہ طور پر اس وقت غلط فہمیاں پیدا ہوجاتی ہیں جب وہ ایک دوسری کی محبوبائوں سے نین لڑا بیٹھتے ہیں۔

فلم میں سونیا حسین اور ایمان علی نے فرحان سعید اور فیروز خان کے مخالف کردار ادا کیے ہیں۔ فلم میں سینیئر اداکار سہیل احمد بھی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے جب کہ دیگر اداکاروں کو بھی ایکشن میں دیکھا جا سکے گا۔ ’ٹچ بٹن‘ کو فرحان سعید اور ان کی اہلیہ عروہ حسین سمیت محمد جرجیس سیجا نے پروڈیوس کیا ہے اور اس کی ہدایات قاسم علی مرید نے دی ہیں۔

Back to top button