جادوئی خصوصیات کا حامل پودینہ کن بیماریوں کا علاج ہے؟

جڑی بوٹیوں کی ظاہری شکل رکھنے والا پودینہ ہر گھر میں استعمال کیا جاتا ہے، بات کھانے بنانے کی ہو یا پھر کھٹی میٹھی دہی کے رائتے کی پودینے کا استعمال لازم و ملزوم بن جاتا ہے، لیکن بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ بہترین ذائقے کا حامل پودینہ الرجی سمیت دیگر بیماریوں کیخلاف اہم ہتھیار تصور کیا جاتا ہے۔ قدیم یونان، روم اور مصر میں بھی پودینے کو بطور دوا استعمال کیا جاتا تھا۔ پودینے میں موجود مرکبات جسم کی موسمی الرجی کے ردعمل میں کمی لاتے ہیں۔ اس سے سرد موسم میں ناک میں خراش اور چھینکوں کو بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ پودینے میں موجود مینتھول سے زکام اور نزلے کا شکار افراد کا علاج بھی کیا جاتا ہے۔

مینتھول پودینے کا متحرک جز ہے، مینتھول سے آدھے سر کے درد کی شدت میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ پودینہ دیگر علامات جیسے روشنی سے حساسیت، قے اور متلی کی شدت بھی کم کرتا ہے۔ پودینے کے تیل کو کنپٹی اور پیشانی پر لگانے سے تناؤ کے باعث ہونے والے سردرد کو دور کیا جا سکتا ہے۔ پودینے میں ایسے مرکبات موجود ہوتے ہیں جو غذائی نالی کے ٹشوز کو سکون پہنچاتے ہیں۔
تحقیق میں ثابت ہوا کہ پودینے سے بچوں میں بد ہضمی کے مسئلے کی روک تھام کی جا سکتی ہے، پودینے سے کیموتھراپی کرانے والے افراد کی متلی اور قے میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ پودینے کے تیل کے کیپسول آئی بی ایس نامی معدے کے عارضے کے اثرات جیسے گیس، معدے میں تکلیف، قبض اور ہیضے میں ریلیف فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

ایسا مانا جاتا ہے کہ پودینے سے دانتوں پر جمع ہونے والے بیکٹریا کی بھی روک تھام ہوتی ہے جس سے ان کی سفیدی برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔دن میں ذہنی اور جسمانی طور پر زیادہ مستعد رہنا چاہتے ہیں تو پودینے کا تیل مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ماہرین اس کی وجہ سے تو مکمل واقف نہیں مگر خیال کیا جاتا ہے کہ جب پودینے کے تیل کو سونگھا جاتا ہے تو جسم پر طاری ہونے والی سستی میں کمی آتی ہے۔ پودینے میں موجود مینتھول سے خواتین میں مخصوص ایام کے دوران ہونے والی تکلیف کا دورانیہ گھٹ سکتا ہے۔ سائنسدانوں نے پودینے کے تیل کو مختلف بیکٹریا جیسے ای کولی اور سالمونیلا کے خلاف آزیاما تو دریافت کیا کہ یہ تیل ان بیکٹریا کو بڑھنے سے روک سکتا ہے۔

اس حوالے سے تحقیق تو جاری ہے مگر کچھ تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ پودینے کا تیل بھوک کا احساس کم کرسکتا ہے۔ اس سے لوگوں کم کھاتے ہیں اور جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہو سکتا ہے۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا کہ پودینے کے تیل کے کیپسولز کا استعمال لوگوں کو ذہنی طور پر تھکاوٹ کا شکار کیے بغیر مسائل حل کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ پودینے کی تیز مہک سے یادداشت کو بڑھانے اور ذہنی طور پر زیادہ مستعد رہنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

Back to top button