ثانیہ مرزا کی اداکارہ نادیہ جمیل کیلئے ٹوئٹ وائرل

بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل کی تعریف کرتے ہوئے انہیں متاثر کن شخصیت قرار دیا ہے۔
معروف ایتھلیٹ نے نادیہ کے لیے تعریفی کلمات ایکس (جو پہلے ٹوئٹر تھا) پر اپنی ٹوئٹ پر کہے۔
گزشتہ شب نادیہ جمیل نے ایکس پر بچپن کے صدمے، خاص طور پر بچوں کے جنسی استحصال اور اس کے ذاتی تجربات کے حوالے سے اپنی جدوجہد کے بارے میں ایک طویل پوسٹ شیئر کی۔
نادیہ جمیل نے ٹوئٹ میں اپنی کچھ تصاویر شیئر کیں اور لکھا ‘مجھے یہاں تک پہنچنے میں کافی وقت لگا لیکن اللہ نے مجھے بہت نعمتوں سے نوازا اور الحمداللہ اپنا سر اونچا کرکے کہہ سکتی ہوں کہ میں نے ان سب کا ڈٹ کر بہادری سے سامنا کیا’۔اداکارہ نے اپنی زندگی میں پیش آنے والا حالات سے متعلق لکھا ‘میں زندگی میں بہت گہرے درد سے گزری جب مجھ میں بالکل خود اعتمادی نہ تھی، میں نے اپنی ناخوشی اور اپنی زندگی کے حالات لوگوں سے پوشیدہ رکھے’۔
نادیہ نے لکھا ‘یہ سب اس وقت تک جاری رہا جب تک میں نے یہ نہیں جان لیا کہ میں خود کو کیسے خوش رکھ سکتی ہوں، کیسے خود سے محبت کرسکتی ہوں اور کس طرح اپنی عزت کرواسکتی ہوں’۔
انہوں نے لکھا ‘ہر بچہ اہمیت رکھتا ہے، ہر ایک بچہ ناقابل یقین حد تک اہم ہے، یہاں تک کہ وہ بچہ بھی جو ہمارے اندر کہیں کھو گیا ہے’۔
