ثناء خان نے اپنے بیٹے کا نام ’طارق جمیل‘ رکھ دیا

دین کی خاطر اداکاری کو خیر باد کہہنے والی ثناء خان کے ہاں چند روز قبل بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، جن کا نام انہوں نے سیّد طارق جمیل رکھ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقبول اداکارہ ثنا خان نے اکتوبر 2020 میں شوبز چھوڑ کر سورت سے تعلق رکھنے والے تاجر مولانا انس صیاد سے شادی کی۔ دونوں نے 5 جولائی کو سورت میں پہلے بچے کا استقبال کیا۔ دونوں نے بچے کا نام سید طارق جمیل رکھا ہے۔
اسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ثناء خان نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ کہا جاتا ہے نام کا انسان پر بہت اثر ہوتا ہے۔ اس لیے، ہم ایک ایسا نام چاہتے تھے جو تقویٰ، نرمی، دیکھ بھال اور ایمانداری کی علامت ہو۔ جمیل کا مطلب ہے خوبصورتی، اور طارق کا مطلب ہے خوشگوار۔
زچگی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کے بہترین احساسات میں سے ایک ہے اور ایک ہی وقت میں ناقابل بیان ہے۔ دنیا میں نئی زندگی لانا ناقابل تصور ہے۔ مجھے اب بھی یقین نہیں آرہا کہ وہ میرا بچہ ہے؛ ایسا لگتا ہے میں کسی اور کے بچے سے ملنے آئی ہوں۔
