جلد کو صحت مند اور جوان رکھنے کے کیا طریقے ہیں؟
جوان اور خوبصورت نظر آنا ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے اور ایسا کرنا کوئی مشکل بھی نہیں، بس آپ کو روز مرہ زندگی میں کچھ عادات کو اپنانا ہو گا۔ طبی ماہرین کہتے ہیں کہ بعض غذائیں انسان کو وقت سے پہلے بوڑھا کر دیتی ہیں اور ان کی وجہ سے چہرے پر جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ جلد کو صحت مند رکھنے کیلئے کیا کرنا چاہیئے۔ طبی ماہرین خراب جلد کی بنیادی وجہ دو چیزوں کو قرار دیتے ہیں، ایک سورج کی روشنی اور دوسرا گلائی کیشن اینڈ پروڈکٹس۔
تاہم ان دونوں چیزوں کو کنٹرول کرنا بھی آپ کے اختیار میں ہے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ دھوپ میں نکلنے سے پہلے ہمیشہ سن کریم لگائیں اور اپنی خوراک پر توجہ دیں۔ ماہرین صحت کے مطابق اگر آپ صحت مند اور چمکدار جلد چاہتے ہی تو سب سے پہلے بناسپتی گھی اور عام تیل کا استعمال بند کر دیں کیونکہ یہ آپکے جسم میں بیماریاں پیدا کرتے ہیں۔ اسکے علاوہ تیز آنچ پر پکا ہوا کھانا بھی سبزی یا گوشت کی ساری غذائیت ختم کر دیتا ہے لہذا ایسی غذا جس میں قدرتی اجزا ہی موجود نہ ہوں وہ آپ کی صحت کو کیسے فائدہ پہنچائے گی، اس لئے ضروری ہے کہ تیز آنچ اور تیل اور گھی میں پکے ہوئے کھانوں سے حتیٰ الامکان پرہیز کیا جائے۔
الکوحل یا شراب کا استعمال بھی آپکے باڈی میکانزم میں کئی طرح کے مسائل پیدا کرنے کا باعث بنتا ہے۔ الکوحل جسم سے غذائی اجزا اور وٹامنز کو ختم کرنے کیساتھ پانی کی کمی پیدا کرتی ہے اور جھریوں کو بڑھاتی ہے۔ انسانی جلد کو چمکدار اور چست رکھنے کیلئے وٹامن ڈی کا استعمال بھی بہت ضروری ہے۔ اسکے علاوہ آپ سوڈے اور کافی کا استعمال کم کر دیں، اس کی بجائے ہلدی والا دودھ پینے کی عادت ڈالیں جو اینٹی آکسیڈنٹ سے بھر پور ہوتا ہے اور بڑھاپا بھگاتا ہے۔
آپکو یہ بھی معلوم ہونا چاہئے کہ شوگر جلد کے علاوہ دیگر کئی جسمانی مسائل کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔ شوگر دراصل گلائی کیشن اینڈ پروڈکٹس بناتی ہے جو کولیجن کو نقصان پہچانے کا باعث ہے۔ کولیجن جلد کو صاف رکھنے کا کام کرتا ہے۔ لہذا اگر آُپ میٹھا کھانے کے شوقین ہیں تو چینی سے بنی اشیا کھانے کی بجائے پھل کھائیں۔ اس سے آُپ کی جلد بھی صحتمند رہے گی اور مٹھائی کھانے کی خواہش بھی پوری ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:جلد کی رنگت سے کولیسٹرول کا پتا لگانے والی ٹیکنالوجی
اسی طرح فرنچ فرائز کھانے میں تو بہت لذیذ ہیں لیکن ان میں نمک اور تیل کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، یہ بہت تیز آنچ پر بنائے جاتے ہیں اور آلو کی غذائیت بھی ختم کر دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ زیادہ نمک کھانے سے پانی کی کمی ہو جاتی ہے جبکہ جلد ڈھیلی ہو جاتی ہے اور جھریاں پڑنے لگتی ہیں۔ لہذا بے جا نمک اور چینی کے استعمال سے حتی الامکان پرہیز کریں اور دن میں ڈھیروں پانی پئیں۔
