جمائما کے دل میں پاکستان کی محبت آج بھی زندہ کیسے؟

عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کے دل میں پاکستان کی محبت آج بھی زندہ ہے، بنی گالہ میں اپنے خاندان کے ساتھ زندگی کے حسین پل گزارنے والی جمائما گولڈ سمتھ اردو میں پاکستان کا ملی نغمہ گا کر خوب داد سمیٹ رہی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں جہاں جمائما نے پاکستان میں سیلاب سے بننے والی صورت حال اور اپنی فلم کے حوالے سے گفتگو کی، وہیں اردو کا ملی نغمہ بھی گایا اور یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں وہ اپنے بچوں کے ساتھ ملی نغمے گایا کرتی تھیں۔ جب جمائما سے کہا گیا کہ اردو میں کچھ کہیں، تو انہوں نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کہا۔ تاہم جب میزبان نے ان سے اردو میں گانا گانے کی فرمائش کی تو انہوں نے کہا کہ انہیں گانے سے زیادہ اپنی اُردو کی فکر رہتی ہے جس پر میزبان نے پوچھا کہ وہ کون کون سے نغمے تھے جو وہ گایا کرتی تھیں۔ جمائما لمحہ بھر کو مسکرائیں اور پھر اپنی گلابی اردو میں یہ مشہور نغمہ گانا شروع کر دیا، آؤ بچو سیر کرائیں تم کو پاکستان کی، جس کی خاطر ہم نے دی قربانی لاکھوں جان کی، پاکستان زندہ باد، پاکستان زندہ باد۔
جمائما کے مطابق انہوں نے یہ نغمہ تب سیکھا تھا جب وہ پاکستان میں بطور مسز عمران خان رہا کرتی تھیں، یہ مشہور ملی نغمہ سلیم رضا نے 70 کی دہائی میں گایا تھا جو بہت مشہور ہوا اور آج بھی مقبول ہے، یاد رہے کہ عمران خان نے جمائما سے 1995 میں شادی کی تھی جبکہ 2004 میں ان کی علیحدگی ہو گئی تھی۔ سوشل میڈیا صارفین ان کی گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں، ٹوئٹر صاف اکرم چوہدری نے ویڈیو پر تبصرے میں جمائمہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا پاکستانی آپ کو بہت پسند کرتے ہیں، آپ بہت شاندار خاتون ہیں، کاش! آپ اور عمران آج بھی اکٹھے ہوتے۔ فاطمہ مشتاق نے ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ خاتون میرے دل میں بغیر کرائے کے رہتی ہیں، ٹوئٹر صارف نے جمائما کا پاکستان کے لیے ہمیشہ مثبت انداز میں ساتھ پر شکریہ ادا کیا، ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ جمائما کے دل میں اب بھی پاکستان دھڑکتا ہے۔
اس سے پہلے بھی جمائما گولڈ اسمتھ نے یکم ستمبر کو سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپنی فلم What’s Love Got To Do With کی سکریننگ کا اعلان کیا تھا، ٹوئٹر پیغام میں جمائما گولڈ اسمتھ نے بتایا تھا کہ پرائیویٹ اسکریننگ میں فلم دیکھنے کے لیے سب سے زیادہ رقم کی بولی لگانے والے شخص کو اس کے 20 ساتھیوں کے ہمراہ فلم دکھائی جائے گی۔ جمائما نے 30 اگست کو بھی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا تھا۔
