اداکارہ آمنہ الیاس ملکی سیاسی قیادت اور حکومت پر برہم کیوں؟

سوشل میڈیا پر گوری رنگت کا پرچار کرنے والے اشتہارات اور کریموں کے خلاف آواز بلند کرنے والی اداکارہ آمنہ الیاس نے حالیہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کرکے اپنے سیاسی تنقید نگار ہونے کا ثبوت پیش کردیا۔
20 اکتوبر کوآمنہ الیاس نے انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ پاکستانی سیاست پر بات کرتی دکھائی دیں۔ مختصر دورانیے کی ویڈیو میں آمنہ الیاس نے حال ہی میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مزار قائد پر ہونے والے جلسے پر بات کرتی دکھائی دیں۔ آمنہ الیاس نے کہا کہ اب سیاست اور گٹر میں کوئی فرق نہیں رہا۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر قائد اعظم محمد علی جناح کی قبر پر جاکر نعرے لگا رہے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو، اور وہ خود ایسی عزت دے رہے ہیں قائد کو؟ آمنہ الیاس نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ کیا وہ اپنے والدین کی قبروں پر جاکر بھی ایسی ہی حرکتیں کرتے ہیں، ایسے ہی مجمع لگاکر شور کرتے ہیں؟ اور یہ مریم نواز اور بلاول بھٹو ہمارے لیڈر بنیں گے، جو جلسوں میں جاکر انڈوں اور ٹماٹر کے ریٹ بتاتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلطی ہے کہ وہ ایسے افراد کے خلاف سخت ایکشن نہیں لے رہی اور جو حکومت اپنے ملک کے بانی کی قبر کی حفاظت نہیں کر سکتی، وہ عوام کی حفاظت کیا کرے گی؟ میں حکومت سے ہاتھ جوڑ کر مطالبہ کرتی ہوں کہ ایسے افراد کے خلاف سخت ایکشن لے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی سیاست دان یا عام شخص مزار قائد پر جاکر توہین کی جرئت نہ کرے۔ بانی پاکستان کے مزار کا تقدس پامال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہے۔
