ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی

کوئٹہ کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے گوادر میں ایک سیکیورٹی اہلکار کے قتل کے مقدمے میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

عدالتی ذرائع کے مطابق مقدمے کی سماعت آن لائن طریقہ کار کے تحت ہوئی، جبکہ دونوں ملزمان نے ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ سے عدالتی کارروائی میں شرکت کی۔

استغاثہ کے مطابق ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ گوادر میں سیکیورٹی اہلکار شبیر کے قتل کے مقدمے میں نامزد تھے۔ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران پتھر لگنے سے اہلکار شبیر جان کی بازی ہار گئے تھے۔عدالت نے استغاثہ اور دفاع کے دلائل سننے کے ساتھ ساتھ مقدمے میں پیش کیے گئے شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا، جس کے بعد دونوں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنانے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ اس مقدمے اور ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے مختلف قانونی اور سیاسی حلقوں میں بحث جاری رہی ہے، جبکہ اس سے قبل بلوچستان ہائی کورٹ ان کی گرفتاری کے خلاف دائر آئینی درخواست بھی مسترد کر چکی ہے۔

Back to top button