جہانگیر خان پی ایس ایل ٹرافی اسٹیڈیم میں لائیں گے

پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور کھیلوں کی تاریخ کے کامیاب ترین اسپورٹس مین جہانگیر خان نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کی چمکتی ٹرافی کے ساتھ گراونڈ میں داخل ہوں گے اور ٹرافی دفاعی چیمین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کے حوالے کریں گے۔یہ پہلا موقع ہوگا جب کرکٹ کی کسی بڑی تقریب میں اسکواش لیجنڈ ٹرافی کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔
پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو گی جس میں اسکواش کے عظیم کھلاڑی ٹرافی لے کر اسٹیڈیم میں آئیں گے۔ جہانگیر خان بدھ کو ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر اسٹیڈیم میں خوبصورت ٹرافی لے کر آئیں گے اور اسے دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کے سپرد کریں گے۔
تقریب کے دوران سرفراز احمد یہ ٹرافی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کے سپرد کریں گے جو تمام فرنچائز مالکان اور کپتانوں کے ہمراہ ٹرافی کی رونمائی کریں گے۔ اس مرتبہ پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی برطانیہ کی کمپنی اوٹ ول سلور اسمٹس نے تیار کی ہے جس کے اوپر ایک چاند اور تکون ستارہ پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے۔ ٹرافی کی لمبائی 65سینٹی میٹر ہے اور اس کا کل وزن 8کلو ہے جس میں مخصوص رنگ بھی نمایاں ہیں۔
رواں سال متعارف کرائی جانے والی ٹرافی اب پاکستان سپر لیگ کے مستقبل کے تمام مقابلوں میں استعمال کی جائے گی اور ہر سال ایونٹ جیتنے والی ٹیم کا نام اس ٹرافی پر درج کیا جائے گا۔
اسکواش کی دنیا کے بے تاج بادشاہ جہانگیر نے پی ایس ایل کی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کو غیر معمولی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ کی سرگرمیاں متعارف کرائیں جس سے دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا۔
مسلسل 555 مقابلے جیتنے کے عالمی ریکارڈ کے حامل جہانگیر خان نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے دنیا کو پیغام ملے گا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔
پاکستان سپر لیگ کا افتتاح 20فروری کو ہو گا اور اسی دن پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
