پی سی بی کا 4 ٹیموں پر مشتمل ون ڈے ٹورنامنٹ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے 4 ٹیموں پر مشتمل ون ڈے ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان کر دیا۔

اگست میں ہونے والا یہ ایونٹ قومی ٹیم کے لیے باصلاحیت وائٹ بال کھلاڑیوں کے انتخاب اور آئندہ حکمت عملی کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

پی سی بی کے مطابق یہ ٹورنامنٹ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس سیزن سے قبل منعقد ہوگا اور اس کا مقصد کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لینا، بہترین کمبی نیشن تشکیل دینا اور 2027 کے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے لیے مضبوط اسکواڈ کی تیاری کرنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ ورلڈ کپ میں اب تقریباً 18 ماہ باقی ہیں اس لیے تیاریوں کا آغاز اسی وقت سے ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ محض وارم اپ مقابلہ نہیں بلکہ قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو جانچنے کا بہترین موقع ہوگا جہاں تمام کھلاڑی سخت اور متوازن مقابلوں میں اپنی کارکردگی دکھائیں گے۔

عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ سال 2027 کے ورلڈ کپ تک ہمارے پاس تقریباً ڈیڑھ سال کا وقت ہے اس لیے یہی مناسب وقت ہے کہ ہم اپنی تیاریوں کا آغاز کریں۔

Back to top button