حرا نے دوست کے فون سے مانی کا نمبر کیسے چرایا؟

اداکارہ حرا مانی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوہر کی شادی سے قبل بہت سی لڑکیوں سے دوستی تھی، جن سے وہ رات دن باتوں میں مصروف رہتے تھے، میں نے بھی ان کی ایک دوست کے موبائل فون سے مانی کا نمبر چرا لیا تھا جس کے بعد میری اور مانی کی شادی ہوگئی، میری دوست اپنے گھر میں خوش ہے شاید وہ مانی سے شادی کر کے اتنی خوش نہ ہوتی جتنی وہ آج ہے۔
متنازع بیانات کی وجہ سے مشہور پاکستانی اداکارہ حرا مانی نے کہا کہ میں اپنے شوہر سلمان ثاقب شیخ (مانی) کی وجہ سے ہی پہچانی جاتی ہوں یہ تاثر غلط ہے کہ مانی میری وجہ سے مشہور ہیں حقیقت یہ ہے کہ میں مانی کی وجہ سے مشہور ہوں کیونکہ میں آج جو بھی ہوں مانی کی وجہ سے ہی ہوں۔
حرا مانی نے اپنی نئی فلم ’تیری میری کہانیاں‘ کی ریلیز کے موقع پر غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا نے بہت کچھ سکھایا ہے اب تو میں پہلے سوچتی ہوں پھر کچھ بولتی ہوں، لوگ پتا نہیں کیوں اتنا طنز کرتے رہتے ہیں، لوگوں کو تو اس وقت تک سکون نہیں آتا جب تک کوئی ان کے سامنے آنسو نہ بہا لے۔
اداکارہ نے بتایا کہ عامر لیاقت کی مثال ہمارے سامنے ہے، میں اس وقت بھی انکے لیے بہت زیادہ افسردہ تھی اور آج بھی افسردہ ہوں کہ کس طرح لوگوں کی باتوں نے ان کو اندر سے ختم کر دیا، وہ برداشت نہ کرسکے اور دنیا سے ہی چلے گئے۔
حرا مانی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں فیمنسٹ ہوں لیکن صرف اس حد تک کہ جب کوئی نئی لڑکی اس انڈسٹری میں آئے جو اس انڈسٹری کو نہ جانتی ہو تو میں اسکی رہنمائی کروں گی، صرف بولنے سے نہیں بلکہ آپکا کردار بتاتا ہے کہ آپ فیمنسٹ ہیں یا نہیں، اداکارہ نے بتایا کہ میری زندگی کا تجربہ کئی لوگوں سے الگ ہے، میری زندگی میں جو مرد آیا ہے وہ بہت مثبت رویہ رکھتا ہے، اس بات کو تسلیم کرنا ہوگا کہ ہرعورت کو یہ اعزاز حاصل نہیں ہو سکتا۔
ازدواجی زندگی سے متعلق سوال کے جواب میں حرا مانی نے کہا کہ میری پوری کوشش رہتی ہے کہ زندگی کے ہر پہلو کو ساتھ لے کر چلوں، انڈسٹری کو بھی وقت دوں اور گھر کو اور بچوں کو بھی برابر وقت دے سکوں، اسی لیے کوشش کرتی ہوں کہ اپنے بیٹوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزار سکوں۔
حرا مانی نے کہا کہ میں ہمیشہ سوچتی تھی کہ کبھی موقع ملا تو میں بھی فلموں میں مہوش حیات اور ماہرہ خان جیسے کردار ادا کروں گی، میری بھی خواہش ہے کہ جس طرح مشہور بالی ووڈ کی فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں ایشوریا چٹیا بنا کر پرفارم کر رہی تھی ویسی ہی پرفارمنس میں بھی کبھی دے سکوں۔
